مرکزی وزیر بنڈی سنجے کے فرزند پر پوکسو کیس — فوری تحقیقات کرنے چیف منسٹر ریوَنت ریڈی کی ہدایت ، خصوصی ٹیمیں تشکیل

حیدرآباد: مرکزی وزیر بنڈی سنجے کمار کے فرزند سائی بھگیرتھ کے خلاف درج پوکسو کیس میں فوری تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت چیف منسٹر نے دی ہے۔ چیف منسٹر نے ڈی جی پی سی وی آنند سے سوال کیا کہ 8 مئی کو شکایت موصول ہونے کے باوجود اب تک کارروائی کیوں نہیں کی گئی
۔ اس پر ڈی جی پی نے بتایا کہ اس وقت عملہ وزیراعظم کے دورے کی تیاریوں میں مصروف تھا۔ بعد ازاں انہوں نے کیس کی مکمل تفصیلات چیف منسٹر کو پیش کیں۔ ریونت ریڈی نے جامع تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت دی۔
پولیس کے مطابق ایک 17 سالہ لڑکی کی ماں نے شکایت درج کرائی کہ بھگیرتھ اس کی بیٹی کو ہراساں کر رہا ہے۔ شکایت کی بنیاد پر پیٹ بشیرآباد پولیس نے جمعہ کی رات پوکسو ایکٹ کی دفعات 11 ریڈ ود 12 اور بی این ایس کی دفعات 74، 75 کے تحت مقدمہ درج کیا۔
دوسری جانب بھگیرتھ نے بھی کریم نگر ٹو ٹاؤن پولیس سے رجوع کرتے ہوئے الزام لگایا کہ لڑکی اور اس کے والدین رقم کے لئے لیے اسے دھمکا رہے ہیں۔ اس شکایت پر پولیس نے تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
ادھر بھگیرتھ کے خلاف درج پوکسو کیس پر ریاستی کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال نے بھی سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔ کمیشن کی چیئرپرسن سیتا دیاکر ریڈی نے سٹی پولیس کمشنر سے مکمل تفصیلات طلب کرلی ہیں اور معاملے کی جانچ کے لیے خصوصی بنچ تشکیل دی گئی ہے۔



