مرکزی وزیر بنڈی سنجے کو فی الفور کابینہ سے ہٹایا جائے -کویتا کا وزیراعظم مودی کو مکتوب

مرکزی وزیر بنڈی سنجے کو فی الفور کابینہ سے ہٹایا جائے
بنڈی بھگیرتھ سے متعلق پوکسو کیس کی منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ناگزیر
ٹی آر ایس سربراہ کلواکنٹلہ کویتا کا وزیراعظم مودی کو مکتوب
تلنگانہ رکشنا سینا (ٹی آر ایس) کی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا نے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک اہم مکتوب ارسال کیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار کو فوری طور پر ان کے عہدہ سے ہٹایا جائے۔کویتا نے اپنے مکتوب میں کہا کہ بنڈی سنجے کے بیٹے کے خلاف پیٹ بشیرآباد پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیایا سنہیتا (BNS) اور بچوں کو جنسی جرائم سے تحفظ سے متعلق قانون (POCSO) کے تحت ایک سنگین مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ زیادتی سے متعلق ہے
۔ اس حساس معاملے میں شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے کہ بنڈی سنجے اپنے عہدہ پر برقرار نہ رہیں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے ایک ایسے عہدہ پر فائز ہیں جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اثر انداز ہونے کا خدشہ موجود رہتا ہے جس سے تحقیقات شواہد کے حصول اور گواہوں کے تحفظ پر منفی اثر پڑ سکتا ہے
۔کویتا نے پرزور انداز میں کہا کہ اس معاملہ میں کسی بھی قسم کے سیاسی دباؤ یا مداخلت کے بغیر آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ متاثرہ لڑکی کو مکمل انصاف مل سکے اور عوام کا جمہوری اداروں پر اعتماد برقرار رہے۔انہوں نے وزیراعظم کو یاد دلایا کہ آئین کی پاسداری اور اخلاقی اقدار کا تحفظ ان کی بنیادی ذمہ داری ہے اور ملک میں نابالغوں کا تحفظ کسی بھی سیاسی مفاد سے بالاتر ہونا چاہئے۔
اپنے مکتوب کے اختتام پر کویتا نے مطالبہ کیا کہ اس مقدمہ کی مکمل تحقیقات اور عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک بنڈی سنجے کمار کو مرکزی وزارت سے فوری طور پر ہٹا دیا جائے تاکہ انصاف کے عمل پر کوئی سوال نہ اٹھے۔



