حیدراباد رنگاریڈی اور محبوب نگر گریجویٹ حلقہ سے سینئر صحافی آکاش کولور ٹی آر ایس کے امیدوار
حیدرآباد: تلنگانہ رکشنا سینا (ٹی آر ایس) کی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا نے آئندہ گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں حصہ لینے والے اپنی پارٹی کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر گریجویٹ ایم ایل سی حلقہ کے لیے ممتاز سینئر صحافی آکاش کولور کو پارٹی امیدوار مقرر کیا ہے۔
واضح رہے کہ کویتا اس سے قبل ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ گریجویٹ ایم ایل سی حلقہ سے بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے نلاماسا سری کانت گوڑ کی امیدواری کا اعلان کرچکی ہیں۔ اب دوسرے حلقہ سے بھی بی سی طبقہ کے آکاش کولور کو امیدوار بناکر انہوں نے پسماندہ طبقات کو سیاسی نمائندگی دینے پر اپنی توجہ ظاہر کی ہے۔
آکاش کولور کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور انہیں قومی میڈیا میں تقریباً 20 سالہ صحافتی تجربہ حاصل ہے۔ وہ انڈیا ٹوڈے، ریپبلک ٹی وی، سی این این نیوز 18 اور ڈیلی ہنٹ جیسے ممتاز قومی میڈیا اداروں میں اہم ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
انہوں نے بیگم پیٹ کے مشہور حیدرآباد پبلک اسکول (ایچ پی ایس) سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور عثمانیہ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ پارٹی کو امید ہے کہ اعلیٰ تعلیمی قابلیت اور قومی میڈیا میں طویل تجربہ رکھنے والے آکاش کولور کو گریجویٹ ووٹروں کی بھرپور تائید حاصل ہوگی۔




