تلنگانہ

حیدرآباد سمیت تلنگانہ بھر میں 259 مقامات پر موک ڈرل

حیدرآباد ۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے پیشِ نظر ملک کی اندرونی سلامتی فورسیس نے دشمن کے ممکنہ حملے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ملک گیر سطح پر تمثیلی جنگی مشقیں (موک ڈرل) انجام دیں۔ ان مشقوں کا مقصد خطرناک حالات میں فوری ردعمل ہم آہنگی اور تیاری کا جائزہ لینا تھا۔

 

یہ مشقیں منگل کو شام 4 بجے سے 4:30 بجے کے درمیان مخصوص علاقوں میں کی گئیں۔ ریاست تلنگانہ میں 244 اضلاع کے 259 منتخب مقامات پر اس مشق کا انعقاد ہوا جس میں ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس وارڈنز، ہوم گارڈز،  این ایس ایس کے کیڈٹس نے بھرپور شرکت کی۔

 

قابل ذکر بات یہ ہے کہ تقریباً 50 برس کے بعد یہ مشقیں پہلی بار اتنے وسیع پیمانے پر ملک گیر سطح پر کی گئیں، ماضی میں ایسی مشقیں صرف کارگل جنگ کے دوران جموں و کشمیر، پنجاب اور راجستھان جیسی سرحدی ریاستوں تک محدود رہتی تھیں۔

 

اس بار یہ مشقیں ملک کے مختلف اہم شہروں اور حساس تنصیبات کے اطراف بھی کی گئیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں افواج اور سول اداروں کی ہم آہنگی اور تیاری کو جانچا جا سکے۔

 

حکام کے مطابق اس مشق کا مقصد دفاعی نظام کو مستحکم بنانا اور یہ یقین دہانی حاصل کرنا ہے کہ اگر کبھی حقیقی خطرہ درپیش ہو تو تمام ادارے ایک مؤثر حکمتِ عملی کے تحت فوری اور کامیاب کارروائی کر سکیں۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button