کیرالا کی آریادن محمد فاؤنڈیشن کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ’بیسٹ پبلک سرونٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا،

تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آئین کے تحفظ کے لئے تمام سیکولر طاقتوں سے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ کیرالا کے نیلمبور میں آنجہانی آریادن محمد کی چوتھی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں ریونت ریڈی کو کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کے ہاتھوں ’’بیسٹ پبلک سرونٹ ایوارڈ‘‘ پیش کیا گیا۔
کیرالا کے ممتاز کانگریس قائد اور آریادن محمد کی یاد میں آریادن محمد فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ ایوارڈ قائم کیا گیا ہے۔ وہ طویل عرصے تک کیرالا اسمبلی کے رکن رہے اور وزیرِ برقی و ٹرانسپورٹ سمیت مختلف اہم ذمہ داریاں بھی سنبھال چکے تھے۔
کسانوں، پسماندہ طبقات اور عام عوام کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے اختراعی پروگراموں اور دوراندیش قیادت کے اعتراف میں تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو اس ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک میں مذہبی منافرت پھیلانے والی طاقتوں کو روکنا ہی آریادن محمد کو حقیقی خراجِ عقیدت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا میں جب بھی کانگریس کی حکومت رہی، مرکز میں بھی کانگریس اقتدار میں رہی۔
وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ ووٹوں کی چوری، پارٹی کی چوری اور فنڈس کی چوری کے ساتھ ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو روکنے کے لئے آئندہ پارلیمانی انتخابات میں آئین مخالف طاقتوں کو اقتدار سے بے دخل کرنا ضروری ہے۔



