تلنگانہ کے ڈی جی پی سی وی آنند سے سینئر صحافی احمد علی خان کی خوش گوار ملاقات – 27 برس بعد نظام آباد میں ماضی کی یادیں تازہ

تلنگانہ کے ڈی جی پی سی وی آنند سے سینئر صحافی احمد علی خان کی خوش گوار ملاقات،
27 برس بعد نظام آباد میں ماضی کی یادیں تازہ، پولیس عہدیداروں کے روبرو احمد علی خان کی صحافتی خدمات کا اعتراف
نظام آباد- 30/ نومبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) مسٹر سی وی آنند نے دورۂ نظام آباد کے موقع پر شہر کے سینئر صحافی ریاستی کارنامۂ حیات ایوارڈ یافتہ اور روزنامہ رہنمائے دکن کے نمائندے جناب احمد علی خان سے خوش گوار ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دونوں نے ماضی کی یادیں تازہ کیں اور ایک دوسرے سے خیر و عافیت دریافت کی۔ واضح رہے کہ سی وی آنند نے 1996ء سے 1999ء تک متحدہ ضلع نظام آباد میں بحیثیت سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تقریباً ساڑھے تین برس خدمات انجام دی تھیں۔ اس دور میں احمد علی خان سے ان کے پیشہ ورانہ مراسم رہے۔ تقریباً 27 برس بعد تلنگانہ پولیس کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز سی وی آنند صاحب سے ان کی یہ ملاقات خوشی اور یادوں کے تبادلے کا موقع بنی۔
ملاقات کے دوران ڈی جی پی سی وی آنند نے برسوں بعد احمد علی خان سے ملنے پر مسرت کا اظہار کیا اور موقع پر موجود پولیس عہدیداروں سے ان کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ خان صاحب سب سے سینئر جرنلسٹ ہیں۔ اس موقع پر نظام آباد کے پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا بھی موجود تھے۔یہ ملاقات ماضی کے پیشہ ورانہ تعلقات اور باہمی احترام کی ایک خوش گوار یاد بن گئی۔



