چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (CIO) خانہ پور یونٹ کے زیرِ اہتمام ’سائنس اولمپیاڈ‘ کا کامیاب انعقاد
12 اسکولوں کے 225 طلبہ و طالبات کی بلا تفریقِ مذہب و ملت شرکت؛ 6 دسمبر کو جے کے فنکشن ہال میں تقسیمِ انعامات کی تقریب

خانہ پور: چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (CIO) خانہ پور یونٹ کے زیرِ اہتمام مقامی گورنمنٹ ہائی اسکول میں جماعت ششم، ہفتم اور ہشتم (Classes 6, 7 & 8) کے طلبہ و طالبات کے لیے ’سی آئی او سائنس اولمپیاڈ‘ کا نہایت کامیاب اور منظم انعقاد عمل میں آیا۔
اس تعلیمی مقابلے میں خانہ پور کے 12 مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 225 طلبہ و طالبات نے بلا تفریقِ مذہب و ملت رجسٹریشن کروا کر بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ امتحان کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے خانہ پور کے سرکاری (گورنمنٹ) اور نجی (پرائیویٹ) اسکولوں کے اساتذہ سمیت 26 افراد پر مشتمل عملے نے اپنی خدمات انجام دیں۔
اس موقع پر سی آئی او خانہ پور کی کنوینر سیدہ نجیب النساء اور پروگرام کے سرپرست محمد عتیق الدین فیض نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے اس پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔محمد عتیق الدین فیض نے بتایا کہ سی آئی او کا بنیادی مقصد نئی نسل میں سائنسی شعور، تجسس اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینا ہے تاکہ بچے محض رٹنے کے بجائے سائنسی حقائق کا مشاہدہ کرنے، تجزیہ کرنے اور منطقی استدلال (Reasoning) کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کے قابل بن سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے بچوں میں قدرتی ماحول کے توازن، ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے تئیں انسانی ذمہ داریوں کا احساس بیدار کرنا اور فطرت کے مطالعے کے ذریعے انہیں خالقِ کائنات کی نشانیوں پر غور و فکر کی ترغیب دینا ہے۔ تنظیم کی یہ کوشش ہے کہ ایک ایسا قومی پلیٹ فارم مہیا کیا جائے جہاں ہر پس منظر کے بچے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ ساتھ ہی سی آئی او بچوں کی اخلاقی و روحانی تربیت، ان میں اعلیٰ انسانی اقدار کے فروغ اور انہیں مستقبل کا ایک ذمہ دار شہری بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
کنوینر سیدہ نجیب النساء نے مزید اعلان کیا کہ اس اولمپیاڈ میں جماعت ششم (6th)، ہفتم (7th) اور ہشتم (8th) میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے آئندہ 6 دسمبر 2026 کو مقامی جے کے (JK) فنکشن ہال میں ایک شاندار تقریب منعقد کی جائے گی، جہاں کامیاب طلبہ کو بہترین انعامات سے نوازا جائے گا۔
اس تعلیمی مہم کو کامیاب بنانے میںسی ای او حلقہ خواتین کی ٹیم اور جناب شیخ نذیر احمد صاحب، محمد مشفق، شیخ محسن، عقیل انجم، خالد پاشاہ، وکیل احمد اور دیگر معززین و ذمہ داران موجود تھے جنہوں نے انتظامات میں بھرپور تعاون پیش کیا۔




