آرمور کے اقلیتی طلبہ کے لئے اسکول، کالج اور ہاسٹل کی تعمیر کا مطالبہ – بی جے پی رکن اسمبلی کی وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین سے نمایندگی

آرمور میں اقلیتی طلبہ کے لیے اسکول، کالج اور ہاسٹل قائم کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد: تلنگانہ کے آرمور کے بی جے پی رکن اسمبلی پی راکیش ریڈی نے اقلیتی طلبہ کو بہتر تعلیمی مواقع اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے حکومت سے خصوصی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے چہارشنبہ کے روز تلنگانہ سکریٹریٹ میں اقلیتی بہبود کے وزیر اظہرالدین سے ملاقات کی اور انہیں یادداشت پیش کی۔
ملاقات کے دوران رکن اسمبلی نے آرمور حلقہ میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے الگ الگ اقلیتی اقامتی اسکول اور کالج قائم کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے طلبہ کی رہائش اور تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے خصوصی ہاسٹل منظور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
راکیش ریڈی نے کہا کہ اقلیتی تعلیمی اداروں کی تعمیر کے لئے ضروری سرکاری اراضی مختص کی جائے، تاکہ اداروں کے قیام میں رکاوٹیں دور ہوسکیں۔ انہوں نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے مناسب فنڈز مختص کرنے اور مختلف فلاحی اسکیموں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کی بھی اپیل کی۔
رکن اسمبلی نے حکومت پر زور دیا کہ آرمور حلقہ کے اقلیتی طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ضروری بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ ان کے مطابق وزیر اظہرالدین نے تمام مطالبات پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ امور کا جائزہ لینے اور جلد مناسب اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔



