ایس آئی آر کے دوران ووٹوں کی کٹوتی میں تلنگانہ سرفہرست – 95 لاکھ ووٹ فہرست سے خارج
حیدراباد : تلنگانہ میں خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے تحت الیکشن کمیشن کی جانب سے تقریباً 95 لاکھ ووٹوں کو حذف کئے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس عمل کے بعد ریاست میں ووٹروں کی تعداد 3.38 کروڑ سے گھٹ کر 2.43 کروڑ رہ گئی،
یعنی تقریباً 27.8 فیصد ووٹ فہرست سے خارج ہوگئے۔ایس آئی آر انجام دی گئی ریاستوں میں ووٹروں کے سب سے زیادہ تناسب سے محروم ہونے والی ریاست تلنگانہ بن گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، بی جے پی حکومت والی ریاستوں گجرات اور اترپردیش میں تقریباً 13 فیصد، مغربی بنگال میں 11.6 فیصد اور بہار میں 6 فیصد ووٹ حذف کیے گئے
۔ صرف حیدرآباد کے حدود میں آنے والے 28 اسمبلی حلقوں میں تقریباً 43 لاکھ ووٹوں کو فہرست سے خارج کیا گیا۔ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں میں سب سے زیادہ کٹوتی شیری لنگم پلی میں ہوئی، جہاں 3.29 لاکھ ووٹ حذف کیے گئے، جبکہ قطب اللہ پور میں 2.76 لاکھ اور ایل بی نگر میں 2.70 لاکھ ووٹ خارج کیے گئے
۔ تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر ووٹوں کی کٹوتی کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں نے بی جے پی پر سازش کا الزام عائد کیا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کو ریاست میں ایس آئی آر کے عمل میں مبینہ بے قاعدگیوں کا ثبوت قرار دیا جارہا ہے۔
دوسری جانب، بی آر ایس نے الیکشن کمیشن کے عہدیدار گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے



