جرائم و حادثات

علاج کے اخراجات سے تنگ ماں نے معصوم رخسانہ کو حسین ساگر میں پھینک دیا – آٹو ڈرائیور نے بچائی جان ؛ حیدرآباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ

حیدراباد : حیدرآباد کے رام نگر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں علاج کے اخراجات کا بوجھ برداشت نہ کرپانے والی ایک ماں نے اپنی چھ سالہ معصوم بیٹی کو حسین ساگر جھیل میں پھینک دیا۔ بچی کو جھیل میں گرتے دیکھ کر قریب سے گزرنے والے ایک آٹو ڈرائیور نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر فوری طور پر جھیل میں چھلانگ لگائی اور بچی کو ڈوبنے سے بچالیا۔

 

پولیس کے مطابق اولڈ بوئن پلی کے ہشمت پیٹ کی رہنے والی شبانہ گزشتہ پانچ سال سے شوہر سے الگ رہ رہی ہے۔ وہ گھروں میں کام کرکے اپنی دو بیٹیوں کی پرورش کررہی تھی۔ اس کی 6سالہ بیٹی رخسانہ بڑی آنت کے انفیکشن میں مبتلا ہونے کے باعث گزشتہ چند دنوں سے ہاسپٹل میں زیر علاج تھی۔ علاج کے بڑھتے اخراجات نے ماں کو شدید مالی پریشانی میں مبتلا کردیا تھا۔ پولیس کے مطابق اسی پریشانی میں اس نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے بچی کو حسین ساگر میں پھینک دیا۔

 

خوش قسمتی سے قریب موجود آٹو ڈرائیور کی نظر بچی پر پڑگئی اور اس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جھیل میں چھلانگ لگا کر اسے بچالیا۔ بروقت مدد ملنے سے معصوم کی جان بچ گئی

 

۔ بچی کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے اور گاندھی ہاسپٹل میں اس کا علاج جاری ہے۔ دومل گوڑہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button