عادل آباد کے اندراویلی واقعہ میں دونوں طبقات کے خلاف مقدمات، 6 افراد گرفتار

مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی: ایس آئی سائی انا
اندراویلی واقعہ میں دونوں طبقات کے خلاف مقدمات، 6 افراد گرفتار
عادل آباد، 9 اکتوبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے اندراویلی میں چہارشنبہ کے روز پیش آئے واقعہ کے سلسلے میں دونوں طبقات کے افراد کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ یہ بات اندراویلی کے سب انسپکٹر ای سائی انا نے بتائی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ واقعہ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے، سوشل میڈیا پر غلط اطلاعات پھیلانے اور عوام کے درمیان مذہبی منافرت کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے پیغامات پوسٹ کرنا اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانا قانونی مشکلات کا سبب بن سکتا ہے۔
ایس آئی نے عوام کو مشورہ دیا کہ سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی ہر اطلاع پر آنکھ بند کرکے یقین نہ کریں اور حقائق کی تصدیق کے بغیر اسے دوسروں تک نہ پہنچائیں۔ انہوں نے افواہوں سے متاثر ہوکر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ میں ملوث نہ ہونے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ کسی بھی قسم کے شبہات یا مسائل کی صورت میں قریبی پولیس اسٹیشن سے رجوع کریں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس سے تعاون کریں۔




