جرائم و حادثات

بیوٹی پارلر جانے گھر سے نکلی 22 سالہ عائشہ کی نعش برآمد – دوستوں کے کردار پر شبہ!

حیدرآباد: آندھرا پردیش کے ضلع پرکاشم کے درشی علاقے سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ شیخ عائشہ پیر کی دوپہر گھر سے یہ کہہ کر نکلی تھی کہ وہ بیوٹی پارلر جا رہی ہے۔ وہ اسکوٹی پر گھر سے روانہ ہوئی، لیکن اس کے بعد واپس نہیں لوٹی۔

 

عائشہ کے لاپتہ ہونے پر اس کے والدین اور رشتہ داروں نے تلاش شروع کی، لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ اس کے بعد پیر کی رات والد رحمت باشا نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔

 

منگل کی صبح  تالاب کے قریب ایک نالے میں عائشہ کی نعش برآمد ہوئی۔ مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور تفصیلات جمع کیں۔ عائشہ جس دو پہیہ گاڑی پر گھر سے نکلی تھی، اسے قریب ہی واقع سائی بابا مندر کے پاس سے برآمد کیا گیا۔

 

عائشہ کے والد رحمت باشا نے بتایا کہ ان کی بیٹی کے جسم پر زخموں کے نشانات تھے اور ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اس کا گلا گھونٹا گیا ہے۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ دوستوں کے فون کرنے پر ہی عائشہ تالاب کے قریب گئی تھی۔

 

مویشی چرانے والے بعض افراد نے بتایا کہ پیر کی دوپہر جائے وقوعہ پر دو لڑکیاں اور تین لڑکے نظر آئے تھے۔ اس اطلاع کے بعد رحمت باشا نے شبہ ظاہر کیا کہ ان کی بیٹی کو اس کے دوستوں نے ہی قتل کیا ہوگا۔

 

پولیس نے عائشہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہاسپٹل منتقل کردیا ہے۔ حکام واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفصیلی تحقیقات کررہے ہیں اور عائشہ کے موبائل فون کی کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ اس کی موت کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button