تلنگانہ

ناگارام کے منہدم مکانات کے متاثرین کو پوزیشن سرٹیفکٹ کے ہمراہ رہائشی اراضی مختص کی جائے گی

مجلسی قائدین کی کامیاب نمائندگی پر آرڈی او نظام آباد راجندر کمار کا متاثرین کو دیا تیقن 

نظام آباد:23/اگست (اردو لیکس) نظام آباد شہر کے بلدی ڈویژن نمبر10بھارتی رانی کالونی ناگارم نظام آباد میں ایک ہفتہ قبل بڑے پیمانے پرغیر قانونی تعمیرات و سرکاری آب گیر علاقہ میں قبضہ کرنے پر نظام آباد ضلع انتظامیہ نے اچانک دھاوا کرتے ہوئے کئی مکانات کو زمین دوز کردیا تھا۔ اس سلسلہ میں سب سے پہلے مجلس اتحاد المسلمین نظام آباد قائدین نے انہدام کے خلاف نہ صرف آواز بلند کی بلکہ احتجاج کرتے ہوئے مزید مکانات کو منہدم کرنے سے روک دیا۔

 

اس سلسلہ میں موثر طریقے سے ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو سے بھی نمائندگی کی گئی اور صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی نے بھی ضلع کلکٹر سے فون کے ذریعہ رابطہ پیدا کرتے ہوئے بے گھر مظلوم غریب عوام کو باز آباد کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرور ت پر زور دیا تھا۔ اس سلسلہ میں صدر ضلع مجلس نظام آباد محمد شکیل احمد فاضل، ڈپٹی میئر بلدیہ نظام آباد محمد ادریس خان کی قیادت میں مجلسی کارپوریٹرس اور انچارج کارپوریٹرس و قائدین نے متاثرہ خواتین کے ہمراہ نظام آباد آرڈی او راجندر کمار سے بھی ملاقات کرتے ہوئے بے گھر افراد کو بازآبادکرنے کیلئے موثر و کامیاب نمائندگی کی۔ اس موقع پر نظام آباد آرڈی او مسٹر راجندر کمار نے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ جن لوگوں کے مکانات منہدم کردئیے گئے ہیں

 

انہیں دوبارہ بازآبادکرنے کیلئے بہت جلد عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ نظام آباد شہر کے مضافاتی علاقہ ناگارام ہو یا سروے نمبر 249میں سرکاری اراضی کی نشاندہی ہونے کے فوری بعد تمام بے گھر افراد کو رہائشی اراضی مختص کرتے ہوئے ”پوزیشن سرٹیفکٹ“بھی منظور کرتے ہوئے حوالے کئے جائیں گے تاکہ مستقبل میں اس علاقہ میں رہنے والوں کو آئندہ کبھی مشکلات پیش نہ آئیں۔ اس طرح حکومت کی مکان بنانے کی اسکیم کے تحت 5لاکھ روپئے بھی فنڈس دینے کیلئے کوشش کی جائے گی۔ نظام آباد آرڈی اوراجندر کمار نے متاثرہ مرد وخواتین کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ کبھی بھی سرکاری اراضیات یا تالاب کے علاقہ میں واقع اراضیات کے قطعی طورپر خریدی نہ کریں اور نہ ہی ان آب گیر علاقوں میں مکانات تعمیر کرتے ہوئے سکونت اختیار کریں۔

 

انہوں نے واضح کردیا کہ حیدرآباد جیسے شہر میں تالابوں کے اطراف آب گیر علاقوں میں بڑی بڑی عمارتیں تعمیر کرنے کے باوجود سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ان بلند عمارتوں کو منہدم کردیا جارہا ہے۔ اس سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر کارپوریٹرس ماجد صدیقی، عبدالعلی، انچارج کارپوریٹرس محمد سلیم، ریاض احمد، محمد مستحسین، سید رفیع الدین، کوآپشن ممبران شہباز احمد، ارشد پاشاہ، قائد مجلس خلیل احمد و دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button