امسال مسجد نبوی کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی مسجد نمرہ میں یوم عرفہ کو خطبہ حج دیں گے

کے این واصف
اس سال شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی یوم عرفہ کو خطبہ حج دیں گے۔ جس کا اعلان مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مذہبی امور کی انتظامی کمیٹی نے پیر کو کیا کہ مسجد نبوی کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی منگل 26 مئی کو مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیں گے۔
شیخ علی بن عبدالرحمن بن علی الحذیفی کو سعودی عرب اور دنیا میں قرآن کریم کے سب سے ممتاز قراء میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔وہ مکہ مکرمہ ریجن کے قریہ القرن میں سال یکم رجب ہجری 1366 کو پیدا ہوئے۔ شیخ علی الحذیفی نے ابتدائی قرآنی تعلیم اپنے قصبے میں حاصل کی۔
ریاض کی جامعہ امام محمد بن سعود الاسلامیہ کے شعبہ شریعہ سے 1392 ہجری میں فارغ ہوئے، انہیں بلجرشتی کمشنری کے کالج میں استاد کے طور پر تعینات کیا گیا۔ شیخ الحذیفی نے سال 1395 ہجری میں مصر کی معروف جامعہ الازھر سے ماسٹرز اور اس کے بعد فقہ فیکلٹی اورعلوم اسلامیہ کے شعبے میں ڈاکٹریٹ کیا۔
ڈاکٹر الحذیفی کی آواز میں قرات کی ریکارڈنگ مملکت اور بیرونی ملکوں کے ریڈیو سٹیشنز میں موجود ہیں۔شیخ الحذیفی مسجد قبا کے امام و خطیب، سال ہجری 1399 سے 1401 تک مسجد نبوی کے امام و خطیب رہے۔ سال 1401 میں مسجد الحرام میں امام و خطیب مقرر کیے گئے بعد ازاں 1402 سے تاحال مسجد نبوی کے امام و خطیب ہیں۔
شیخ علی کنگ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس میں قرآن پاک کی طباعت کے لے مصحف ریکارڈنگ نگران کمیٹی کے رکن، قرآن پاک کی طباعت کی سپریم کونسل کے رکن بھی ہیں۔



