جنرل نیوز

ماہر تعلیم محمد یوسف علی اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ سعادت حج کے لئے روآنہ

حیدرآباد، 19 مئی:/. سرزمینِ حرمین شریفین کی حاضری ہر صاحبِ ایمان کے دل کی سب سے بڑی آرزو اور روح کی سب سے عظیم تمنا ہوتی ہے۔ جب کوئی خوش نصیب بندہ بارگاہِ الٰہی میں حاضری اور روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کے لیے روانہ ہوتا ہے تو اس کے چہرے پر عقیدت، آنکھوں میں نورِ شوق اور دل میں محبتِ رسول ﷺ کی کیفیت نمایاں ہوجاتی ہے۔ ایسی بابرکت ساعتیں اہلِ ایمان کے لیے نہایت روح پرور اور ایمان افروز ہوتی ہیں، جہاں دعاؤں، تمناؤں اور جذباتِ عقیدت کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔

 

اسی مبارک موقع پر ممتاز و معروف ماہرِ تعلیم محکمہ تعلیم حکومت تلنگانہ جناب محمد یوسف علی اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ حجِ بیت اللہ شریف اور زیارتِ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی سعادت حاصل کرنے کے لیے ریاستی حج کمیٹی تلنگانہ کے زیرِ انتظام حج ہاؤز نامپلی، حیدرآباد سے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ فرزند جناب محمد اویس اشرف، جو ریاستِ تلنگانہ کے ممتاز و معروف ثناء خواں کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں، بھی موجود تھے۔

 

روانگی کے موقع پر خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار فرمایا۔ مولانا نے اس موقع پر حجاجِ کرام کے لیے دعاء کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کا سفرِ حج آسان فرمائے، حج کو حجِ مبرور اور زیارت کو ذریعۂ سعادت بنائے، نیز وطنِ عزیز، ملتِ اسلامیہ اور عالمِ انسانیت کے حق میں خصوصی دعاؤں کی تلقین فرمائی۔

 

اس روح پرور ملاقات کے دوران خوشی، عقیدت اور رقت آمیز جذبات کا حسین منظر دیکھنے کو ملا، جبکہ حاضرین نے حجاجِ کرام کو دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button