"شوہر کو چھوڑ کر میرے ساتھ آ جاؤ، ہم شادی کرلیں گے” ۔ بیہودہ پیشکش نوجوان کے خلاف حیدرآباد میں کیس درج

حیدرآباد: شادی شدہ خاتون کو مسلسل ہراساں کرنے اور شادی کے لیے دباؤ ڈالنے والے ایک نوجوان کے خلاف فلم نگر پولیس اسٹیشن میں فوجداری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ضلع ناگر کرنول کے گاؤں انکی راؤ پلی سے تعلق رکھنے والا راجو (25) گزشتہ کچھ عرصے سے فلم نگر میں مقیم ایک 24 سالہ شادی شدہ خاتون کو فون کالز اور نازیبا پیغامات کے ذریعے ہراساں کر رہا تھا۔
متاثرہ خاتون نے اپنی شکایت میں بتایا کہ ملزم اسے اپنے شوہر کو چھوڑ کر اس کے ساتھ آنے اور شادی کرنے کے لیے مسلسل ذہنی اذیت کا نشانہ بنا رہا تھا۔ خاتون کے مطابق ملزم اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھتا تھا راستے میں روک کر نازیبا حرکات کرتا
اور مختلف طریقوں سے پریشان کرتا تھا۔خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ملزم کی جانب سے اسے اپنی جان کو بھی خطرہ محسوس ہو رہا ہے۔ شکایت موصول ہونے کے بعد فلم نگر پولیس نے ملزم ڈیگا راجو کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مختلف زاویوں سے جانچ کی جا رہی ہے اور شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



