ایجوکیشن

کاماریڈی ضلع پریشد ہائی اسکول کی نئی عمارت کے لیے 5 کروڑ روپے منظور، طلبہ و اساتذہ کا وزیراعلیٰ اور محمد علی شبیر سے اظہارِ تشکر

کاماریڈی ضلع پریشد ہائی اسکول کی نئی عمارت کے لیے 5 کروڑ روپے منظور، طلبہ و اساتذہ کا وزیراعلیٰ اور محمد علی شبیر سے اظہارِ تشکر

 

کاماریڈی کے تاریخی ضلع پریشد ہائی اسکول کی جدید عمارت اور کھیل کے میدان کی تعمیر کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے 5 کروڑ روپے کی منظوری پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ، طالبات اور اولیائے طلبہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اور ریاستی حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور کا شکریہ ادا کیا۔

 

تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال شدید بارشوں کے باعث اسکول کی عمارت کو نقصان پہنچا تھا۔ متاثرہ اسکول کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے محمد علی شبیر کے ہمراہ دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر محمد علی شبیر نے وزیراعلیٰ کو بتایا تھا کہ انہوں نے بھی اسی ضلع پریشد ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی ہے اور آج یہ قدیم تعلیمی ادارہ خستہ حالی کا شکار ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ نے جدید ماڈل ہائی اسکول عمارت اور کھیل کے میدان کی تعمیر کے لیے 5 کروڑ روپے منظور کرنے کا اعلان کیا۔

 

محمد علی شبیر نے جمعرات کو اسکول انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ اور اولیائے طلبہ کو اس منظوری سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بہت جلد ریاستی وزیر اور کاماریڈی کی انچارج وزیر سیتا اکا کے ہاتھوں نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد کاماریڈی کا یہ قدیم تعلیمی ادارہ جدید سہولیات سے آراستہ ایک ماڈل ہائی اسکول کی شکل اختیار کرلے گا۔

 

اس موقع پر اسکول انتظامیہ، طلبہ، طالبات اور اولیائے طلبہ نے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور محمد علی شبیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ محمد علی شبیر نے فون پر ہینڈ فری کے ذریعے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی، جبکہ اسکول میں خوشی کا ماحول دیکھنے میں آیا اور کاماریڈی کے عوام نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button