بیوی کا گلا کاٹ کر قتل کی کوشش کرنے والے شوہر کو 7 سال قید عادل آباد عدالت کا فیصلہ

بیوی کا گلا کاٹ کر قتل کی کوشش کرنے والے شوہر کو 7 سال قید
عادل آباد عدالت کا فیصلہ، 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد — 17 گواہوں کے بیانات کے بعد سزا
عادل آباد، 7 /جولائی (اردو لیکس)اضافی جہیز کے لئے بیوی کو ہراساں کرنے اور بدگمانی کی بنیاد پر اس کا گلا کاٹ کر قتل کی کوشش کرنے والے شوہر کو عادل آباد کی عدالت نے 7 سال قیدِ با مشقت اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ یہ فیصلہ سینئر سول جج و اسسٹنٹ سیشن جج سی۔ ایم۔ راجیہ لکشمی نے 17 گواہوں کے بیانات اور پیش کیے گئے شواہد کی بنیاد پر سنایا۔
پولیس کے مطابق، کنّاڈے تُکارام (35)، جو اصل میں مہاراشٹر کے ضلع ایوت محل کے عمرکھیڑ تعلقہ کے کتھم اُولا گاؤں کا رہنے والا ہے اور فی الحال اندراویلی منڈل کے دھنور گاؤں میں مقیم تھا، اپنی بیوی کنّاڈے رادھا کو اضافی جہیز اور بدگمانی کے باعث مسلسل جسمانی و ذہنی طور پر ہراساں کرتا تھا۔
25 فروری 2021 کو دوپہر تقریباً ڈھائی بجے اس نے بیوی کو قتل کرنے کی نیت سے تیز دھار بلیڈ سے اس کا گلا کاٹ دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی۔ خاتون کی چیخ و پکار سن کر دیہاتی موقع پر پہنچ گئے، تاہم ملزم فرار ہوگیا۔ شدید زخمی خاتون کو فوری طور پر علاج کے لئے عادل آباد کے رِمس اسپتال منتقل کیا گیا۔
متاثرہ خاتون کے بھائی امبٹوار دلیپ کی شکایت پر اندراویلی پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 19/2021 کے تحت تعزیراتِ ہند کی دفعات 498(A) اور 307 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ اس وقت کے سب انسپکٹر ناگناتھ نے تحقیقات مکمل کرتے ہوئے مضبوط شواہد کے ساتھ چارج شیٹ عدالت میں داخل کی۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر شاہین سلطانہ نے مؤثر دلائل پیش کئے، جبکہ کورٹ ڈیوٹی آفیسر سی۔ ایچ۔ نریندر کی نگرانی میں 17 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے۔
تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد سینئر سول جج و اسسٹنٹ سیشن جج سی۔ ایم۔ راجیہ لکشمی نے ملزم کو قصوروار قرار دیتے ہوئے ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 235(2) کے تحت 7 سال قیدِ با مشقت اور 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید سزا بھگتنا ہوگی۔ بعد ازاں اسے عادل آباد ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا گیا۔
اس مقدمہ میں مؤثر تفتیش اور کامیاب پیروی کے ذریعے ملزم کو سزا دلانے پر ضلع ایس پی اکھل مہاجن (آئی پی ایس) نے اندراویلی پولیس عملہ، کورٹ ڈیوٹی آفیسر سی۔ ایچ۔ نریندر اور ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر شاہین سلطانہ کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔



