بیوی کو میکہ سے واپس لانے کے لئے ماں کو زہر دے دیا؟ ساس کے کہنے پر بیٹے کا خوفناک قدم
آگرہ: اتر پردیش کے ضلع آگرہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک شخص کو اپنی ہی ماں کو مبینہ طور پر زہر دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ مقدمہ میں ملزم کی ساس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ اس نے زہر فراہم کیا اور اپنی بیٹی کو شوہر کے گھر بھیجنے کے لئے بیٹی کی ساس کو راستہ سے ہٹانے کی ترغیب دی۔ پولیس ان تمام الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
یہ واقعہ پناہٹ پولیس اسٹیشن کے تحت بارپورہ گاؤں میں پیش آیا۔ ایف آئی آر کے مطابق 9 جولائی کی سہ پہر تقریباً 3 بجے رویندر نے مبینہ طور پر چنے (چھولے) میں زہریلا مادہ ملا کر اپنی والدہ رام مورتی کو کھلا دیا۔ کھانا کھانے کے کچھ ہی دیر بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی، جس پر انہیں فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
متاثرہ خاتون کے شوہر رنویر سنگھ کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ رویندر نے اپنے والد کو بتایا کہ زہر اسے اس کی ساس پھولوتی نے دیا تھا۔ الزام ہے کہ پھولوتی نے اسے گٹ پورہ گاؤں بلا کر زہر کا ایک پیکٹ دیا اور کہا کہ اگر وہ اپنی ماں کو راستے سے ہٹا دے تو اس کی بیٹی دوبارہ اس کے ساتھ رہنے آ جائے گی۔
ملزم کے بھائی مکیش نے دعویٰ کیا کہ خاندان میں حال ہی میں زمین کے تنازعہ پر اختلافات چل رہے تھے۔ اس کے مطابق رویندر کی بیوی اپنے میکے میں رہ رہی تھی اور اس کی واپسی کو مبینہ طور پر اپنی ساس کو زہر دینے سے مشروط کیا گیا تھا۔ مکیش کا الزام ہے کہ رویندر نے بعد میں چھولوں میں زہر ملا کر اپنی والدہ کو کھلا دیا۔ پولیس ان دعوؤں کی بھی جانچ کر رہی ہے۔
پولیس نے رویندر اور اس کی ساس پھولوتی کے خلاف بھارتیہ نیایا سنہتا (BNS) کی دفعات 61، 109 اور 123 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ رویندر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ پھولوتی فرار بتائی گئی ہے اس کے کردار کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آئندہ کارروائی میڈیکل رپورٹ، فرانزک جانچ اور دیگر شواہد کی بنیاد پر کی جائے گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ایف آئی آر میں درج تمام الزامات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جا رہی ہیں اور حتمی نتیجہ سائنسی شواہد، تفتیش اور عدالت کے فیصلے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔



