3 بہنوں نے ایک ہی نوجوان سے کرلی شادی۔ اترپردیش میں عجیب و غریب واقعہ

نئی دہلی: ریاست اتر پردیش میں حال ہی میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سرگرم رہنے والی تین بہنوں نے ایک اہم فیصلہ کیا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنے ویڈیوس اور ریلس بنانے والے کیمرہ مین سے ہی شادی کر لی۔ مقامی مندر میں ہونے والی اس شادی کی ویڈیوس اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ معاملہ منظرِ عام پر آیا۔
اتر پردیش کے ضلع امروہہ میں پیش آنے والا یہ واقعہ موضوعِ بحث بن گیا۔دھوریا گاؤں کی الکا، دیویکا اور سنتوش تین بہنیں ہیں۔ یہ سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتی ہیں اور ریلس و دیگر ویڈیو بناتی ہیں۔ انسٹاگرام اور فیس بک پر بھی ان کی اچھی خاصی فین فالوونگ ہے۔ اسی ضلع کے شیام پوری گاؤں کا رہنے والا وکاس نامی نوجوان ان کے ویڈیوس فلمایا کرتا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ بعض ویڈیوس میں وہ ان کے شوہر کا کردار بھی ادا کرتا تھا۔اطلاعات کے مطابق حال ہی میں تینوں بہنوں کو یہ فکر لاحق ہوئی کہ اگر ان کی الگ الگ شادی ہو گئی تو وہ مختلف گھروں میں چلی جائیں گی۔ اسی لیے انہوں نے اپنے والدین سے کہا کہ وہ ایک ہی خاندان کے تین بھائیوں سے شادی کرنا چاہتی ہیں تاکہ ہمیشہ ساتھ رہ سکیں۔تاہم بعد میں کیا ہوا اس کی واضح تفصیلات سامنے نہیں آئیں لیکن حال ہی میں تینوں نے اپنے کیمرہ مین وکاس سے مقامی طور پر مشہور ایک مندر میں شادی کر لی۔
بتایا جاتا ہے کہ اس شادی میں دونوں خاندانوں نے شرکت نہیں کی اور خود کو اس سے الگ رکھا۔شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد بعض حلقوں کی جانب سے مخالفت اور تنقید بھی کی گئی۔ اس پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے تینوں بہنوں نے ایک ویڈیو جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے فیصلے کا دفاع کیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ ایک ساتھ رہیں گی۔
مقامی پولیس نے بھی اس معاملے کی جانچ کی جس کے دوران انہوں نے پولیس کو بھی یہی مؤقف بتایا۔دریں اثنا اطلاعات کے مطابق ان تین لڑکیوں میں سے دو حقیقی بہنیں ہیں جبکہ تیسری ان کی رشتہ دار (کزن) ہے تاہم تینوں ایک ہی گھر میں ساتھ پلی بڑھی ہیں۔



