جرائم و حادثات

عاشق کی خاطر بیوی نے سائنائیڈ پلا کر شوہر کا قتل کردیا۔ نعش کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے دفن کردینے کا انکشاف

نئی دہلی: گجرات میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو قتل کرنے کے بعد ٹکڑے ٹکڑے کرکے دفن کر دیا اور اس کے بعد بھی دو سال تک سب کو یہ یقین دلاتی رہی کہ اس کا شوہر آسٹریلیا میں ہے۔

 

پولیس کے مطابق جام نگر کے رہنے والے جگنیش ماوڈیا گزشتہ دو سال سے لاپتہ تھے لیکن ان کی بیوی پرتھوی نے سب کو بتایا کہ ان کے شوہر کو آسٹریلیا میں نوکری مل گئی ہے اور وہ وہیں رہ رہے ہیں۔جب دو سال گزرنے کے باوجود جگنیش کا کوئی سراغ نہیں ملا تو ان کے خاندان والوں اور رشتہ داروں کو شک ہونے لگا۔

 

اسی دوران جگنیش کے ایک رشتہ دار نے آسٹریلیا جانے کے بعد پرتھوی سے ان کے شوہر کے رابطے کی تفصیلات مانگیں لیکن اس نے معلومات دینے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد جگنیش کے بھائی نے تحقیقات شروع کیں اور معلوم کیا کہ آسٹریلیا میں جگنیش کے نام سے کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔

 

اس کے بعد اشوک نے اپنے بھائی کے لاپتہ ہونے کی شکایت پولیس میں درج کرائی۔ پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو بیوی پرتھوی نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے اپنے دوست نیلیش کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کیا۔تفتیش میں معلوم ہوا کہ پرتھوی شادی سے پہلے ہی نیلیش نامی شخص سے محبت کرتی تھی۔

 

شادی کے بعد بھی دونوں کا تعلق جاری رہا۔ پرتھوی کو لگتا تھا کہ شوہر اس کے تعلق میں رکاوٹ ہے اس لیے اس نے نیلیش کے ساتھ مل کر شوہر کو شراب میں سائنائیڈ ملا کر پلا دیا۔شوہر کی موت کے بعد وہ نعش کو جام نگر کے جی آئی ڈی سی علاقے میں واقع ایک فیکٹری میں لے گئے

 

جہاں نعش کے ٹکڑے کیے گئے اور تقریباً 12 فٹ گہرے گڑھے میں دفن کر دیا گیا۔بعد میں کسی کو شک نہ ہو، اس لیے پرتھوی نے سب کو بتایا کہ اس کے شوہر کو آسٹریلیا میں نوکری مل گئی ہے اور وہ وہیں رہ رہے ہیں۔پولیس نے ملزمین کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button