جرائم و حادثات

کاماریڈی آن لائن گیمنگ کے نام پر عوام سے دھوکہ دہی، دو گرفتار، ضلع ایس پی

آن لائن گیمنگ کے نام پر عوام سے دھوکہ دہی، دو گرفتار، ضلع ایس پی

 

کاماریڈی (سید کوثر علی کی رپورٹ)آن لائن گیمنگ کے نام پر عوام کو سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر دھوکہ دہی کرنے والے دو افراد کو راماریڈی پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ پر بھیج دیا۔

 

پولیس نے ان کے قبضہ سے 15 ہزار روپے نقد، ایک HP لیپ ٹاپ اور 4 موبائل فون ضبط کرلئے۔ضلع ایس پی ایم. راجیش چندر، آئی پی ایس نے کیس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ واٹس ایپ کے ذریعہ آن لائن گیمنگ لنکس بھیج کر معصوم عوام کو سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دینے کی اطلاع پر راماریڈی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔

 

ایس پی کی ہدایت پر ڈی ایس پی مدھوسودن کی نگرانی میں کاماریڈی رورل انسپکٹر شری دھر، سی سی ایس انسپکٹر رامَن اور راماریڈی ایس آئی مرلی کی قیادت میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

 

پولیس نے تکنیکی شواہد اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کاماریڈی بس اسٹینڈ کے قریب وشاکھاپٹنم جانے کی کوشش کرنے والے دو ملزمین کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزمین کی شناخت بھوکیا نوین عرف نریش (26) اور بھوکیا پروین (23)، ساکنان راماریڈی منڈل کے طور پر ہوئی ہے۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اصل ملزم نوین نے بیرون ملک ایک نجی کمپنی میں ملازمت کے دوران Future9.com آن لائن گیمنگ ویب سائٹ سے متعلق تفصیلات اور موبائل نمبرز کا ڈیٹا حاصل کیا تھا۔ ہندوستان واپس آنے کے بعد وہ واٹس ایپ کے ذریعہ لوگوں کو آن لائن گیمنگ لنکس بھیجتا اور سرمایہ کاری کرنے پر رقم دگنی ہونے کا لالچ دیتا تھا۔

 

ملزمین متاثرین کے لئے یوزر آئی ڈی تیار کرکے ویب سائٹ پر سرمایہ کاری کرواتے تھے۔ براہ راست ادائیگی ممکن نہ ہونے کی صورت میں اپنے UPI/QR کوڈ کے ذریعہ رقم وصول کرکے ویب سائٹ پر جمع کرتے اور اس کے عوض 5 فیصد کمیشن حاصل کرتے تھے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں اس ویب سائٹ کے ذریعہ ملک بھر میں متعدد افراد کے دھوکہ دہی کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے

 

۔اس معاملہ میں مفرور ایک اور ملزم کی گرفتاری کے لئے خصوصی پولیس ٹیموں کی تلاش جاری ہے۔ کیس کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔ملزمین کو گرفتار کرنے میں نمایاں کارکردگی پر ایس پی نے کاماریڈی رورل انسپکٹر شری دھر، سی سی ایس انسپکٹر رامَن، راماریڈی ایس آئی مرلی، سائبر کرائم ایس آئی نریش اور دیگر پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دی۔

 

نامعلوم لنکس پر کلک نہ کریں: ایس پی

ضلع ایس پی ایم. راجیش چندر نے عوام کو خبردار کیا کہ آن لائن گیمنگ، سرمایہ کاری، ٹریڈنگ، پارٹ ٹائم ملازمت، کیش بیک اور رقم دگنی کرنے کے نام پر سوشل میڈیا، واٹس ایپ اور ٹیلی گرام کے ذریعہ موصول ہونے والے نامعلوم لنکس پر ہرگز بھروسہ نہ کریں۔ کم وقت میں زیادہ منافع کا لالچ دینے والی ویب سائٹس، ایپس یا افراد کو بغیر تصدیق رقم بھیجنے سے مالی دھوکہ دہی کا خطرہ رہتا ہے

 

۔انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ کسی بھی ویب سائٹ یا ایپ میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی مکمل جانچ پڑتال کریں۔ اگر کوئی شخص آن لائن فراڈ کا شکار ہوجائے تو فوری طور پر سائبر کرائم ہیلپ لائن 1930 پر اطلاع دیں یا cybercrime.gov.in پر شکایت درج کریں۔ ساتھ ہی قریبی پولیس اسٹیشن سے رجوع کرنے پر بروقت کارروائی کے ذریعہ متاثرہ رقم کو ہولڈ کروانے اور واپس حاصل کرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں

متعلقہ خبریں

Back to top button