جرائم و حادثات

حیدرآباد میں 8 ماہ کے بچہ کا اغوا، پولیس نے اندرون 3 گھنٹے ملزمہ کو کرلیا گرفتار

حیدرآباد: اولاد نہ ہونے کے باعث ایک گھریلو ملازمہ نے اپنے مالک کے آٹھ ماہ کے بیٹے کو اغوا کر لیا تاہم پولیس نے صرف تین گھنٹوں کے اندر خاتون کو گرفتار کرکے شیر خوار بچے کو بحفاظت بازیاب کر کے والدین کے حوالے کر دیا۔

 

میڈی پلی پولیس کے مطابق میڈی پلی کے این آئی این کالونی کے شیورام کے آٹھ ماہ کے بیٹے ویشنو رودرانش کو ایک ماہ قبل ملازمت پر رکھی گئی گھریلو ملازمہ درگا بھوانی اغوا کرکے لے گئی۔

 

نلگنڈہ ضلع کے دیورکونڈہ سے تعلق رکھنے والی درگا بھوانی تقریباً ایک ماہ سے اسی عمارت میں گھریلو ملازمہ اور چوکیدار کے طور پر کام کررہی تھی وہ شیورام کے گھر میں بھی کام کرتی تھی۔

 

چہارشنبہ کی دوپہر تقریباً 12:30 بجے جب بچے کی ماں باورچی خانے میں مصروف تھی تو درگا بھوانی نے بچے کو کھلانے کے بہانے باہر لے جا کر ایک آٹو رکشہ میں فرار ہو گئی۔ کچھ دیر بعد بچے کے لاپتہ ہونے کا علم ہونے پر ماں باپ نے فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر سی سی ٹی وی فوٹیج اور آٹو رکشہ کے راستے کا جائزہ لیا۔ صرف تین گھنٹوں کے اندر کرمن گھاٹ علاقے سے ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا اور بچے کو بحفاظت بازیاب کر کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔

 

دورانِ تفتیش ملزمہ نے انکشاف کیا کہ اس نے 2022 میں پسند کی شادی کی تھی لیکن اس کی کوئی اولاد نہیں ہے۔ اس نے اعتراف کیا کہ بچے کو اپنی اولاد کی طرح پالنے کی نیت سے اغوا کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button