حب الوطنی پر مبنی نغمے اخوت، رواداری اور محبت کا درس دیتے ہیں۔ محفل اصناف سخن گوئی میں ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی، ڈاکٹر نکہت آراء شاہین،صوفی سلطان شطاری، ڈاکٹرجاوید کمال اور کے این واصف کا اظہارِ خیال

حیدرآباد۔(راست) حب الوطنی پر لکھے گئے نغمے اخوت، رواداری اور محبت کا درس دیتے ہیں۔ ہمارے فلمی نغمہ نگاروں نے اس موضوع پر نغمے لکھ کر شہرت کی بلندیوں کو چھولیا ہے اور جب تک ہندوستانی فلمی صنعت باقی رہے گی یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔
علامہ اقبالؒ کا لکھا گیا ترانہ ”سارے جہاں سے اچھا“ حب الوطنی پر لکھا گیا سب سے بہترین ترانہ ہے اور یہ ہمارے قومی ترانہ کی حیثیت رکھتا ہے ہے۔ ان خیالات کا اظہار اصناف سخن گوئی کی محفل میں شریک صدر جلسہ اور مہمانان خصوصی نے کیاجو انجمن ریختہ گویان حیدرآباد اور روزنامہ منصف کے اشتراک سے خان لطیف خان اسٹیٹ کے مرکزی ہال میں منعقد کی گئی۔ جناب صوفی سلطان شطاری نے تقریب کی صدارت کی اور ڈاکٹر نکہت آراء شاہین، ڈاکٹر لیئقہ پروین، محترمہ شبینہ فرشوری، جناب کے این واصف، جناب ظہور الدین، جناب سیف الدین نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔
ابتداء میں ڈاکٹر جاوید کمال کنوینر محفل نے مہمانوں کا استقبال کیا اور شاعری کی مختلف اصناف سخن کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی اور محفل کے کامیاب انعقاد میں روزنامہ منصف اور خاص طور پر جناب محمد عبدالجلیل ایڈیٹر اِن چیف کے بھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا اور شہر کے تمام اردو اخبارات روزنامہ سیاست، روزنامہ اعتماد اور روزنامہ رہنمائے دکن کے ذمہ داروں کا محفل کی سرگرمیوں کو نمایاں طور پر اپنے اخبارات میں جگہ دینے پر ممنونیت کا اظہار کیا
اور تمام شرکاء سے گزارش کی کہ وہ اپنے گھروں میں اردو اخبارات منگواکر پڑھیں تاکہ اردو کو زندہ رکھا جاسکے اور نئی نسل کو اردو سے دلچسپی پیدا ہو۔ ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی نے حب الوطنی پر مبنی نغموں پر اپنا تحریر کردہ سیر حاصل مقالہ پڑھا اور کہا کہ ہندی فلموں میں ابتداء ہی سے اردو زبان میں حب الوطنی پر نغمے لکھے جاتے رہے ہیں اور جب تک فلمی صنعت باقی رہے گی یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔ ڈاکٹر گل رعنا نے حب الوطنی پر لکھے گئے خوبصورت اشعار کے ذریعہ بہترین نظامت کی۔محفل کی شروعات علامہ اقبالؒ کے ترانہ ”سارے جہاں سے اچھا“ سے ہوئی۔ ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی، ڈاکٹر گل رعنا، لطیف الدین لطیف، جاوید محی الدین، واجد محی الدین اور ڈاکٹر جاوید کمال نے اپنی خوبصورت آوازوں میں اسے پیش کیا۔
محفل کی صدارت جناب صوفی سلطان شطاری نے کی اور حب الوطنی پر لکھی گئی اپنی نظم ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی سے ترنم میں پڑھوایا۔ مہمانان خصوصی ڈاکٹر نکہت آراء شاہین، محترمہ شبینہ فرشوری، ڈاکٹر لیئقہ پروین، جناب کے این واصف، جناب سیف الدین، جناب ظہورالدین، ڈاکٹر حسام الدین ریاض اور ڈاکٹر حسام الدین طلعت نے محفل کے انعقاد اور اس کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ اراکین محفل لطیف الدین لطیف، جاوید محی الدین، واجد محی الدین اور اصغری بانو کے علاوہ ٹمریز اسکول کی طالبات نے ترنم اور تحت میں حب الوطنی پر مبنی نغمے پیش کئے۔ شعراء کرام میں نجیب احمد نجیب، شاہ نواز ہاشمی، فاروق احساس، لطیف الدین لطیف اور عذرا سلطانہ نے اپنے کلام سے شرکاء کو محظوظ کیا۔
اس موقع پر ٹمریز کی طالبات کے علاوہ واجدہ سلطانہ ٹیچر ٹمریز، نجیب احمد نجیب، ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی،ڈاکٹر گل رعنا اور معاون کنوینر سید مجیب اللہ حسینی (منصف) کی شال پوشی اور مومنٹوز عطا کئے گئے۔ محترمہ زبیدہ اور ان کی ساتھیوں نے شرکاء کی لڈوؤں سے تواضع کی۔ روزنامہ منصف کی جانب سے کئے جانے والے
انتظامات کی نگرانی سید مجیب اللہ حسینی نے کی اور محفل کا اختتام قومی ترانے ”جن گن من“ پر عمل میں آیا۔



