انٹر نیشنل

حوثیوں کے حملہ ریاض کی بلند ترین عمارت کو پہنچا نقصان، سنی گئی دھماکہ کی آوازیں۔ عوام کو الرٹ رہنے کا پیغام جاری

نئی دہلی: سعودی حکام نے جمعرات کے روز تصدیق کی ہے کہ حوثی باغیوں کے حملے میں ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع ایک مشہور بلند و بالا عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔

 

یہ تصدیق دارالحکومت ریاض میں زور دار دھماکے کی آواز سنائی دینے اور عینی شاہدین کی جانب سے شہر کی بلند ترین عمارت کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات کے کئی گھنٹے بعد سامنے آئی۔سعودی عرب کو پڑوسی ملک یمن میں جاری خانہ جنگی دوبارہ شدت اختیار کرنے کے بعد حملوں میں اضافے کا سامنا ہے۔

 

سعودی محکمہ شہری دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا”اس حملے کے نتیجے میں ٹاور کی کئی منزلوں اور اس سے ملحقہ دو عمارتوں کو مالی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔”حکام نے عمارت کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم ایک تصویر جاری کی

 

جس میں بظاہر اس عمارت کے شیشے کے بیرونی حصے کو نقصان پہنچا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ اس عمارت میں سعودی عرب کے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ (پبلک انویسٹمنٹ فنڈ) کا ہیڈکوارٹر قائم ہے اور یہ 80 منزلہ عمارت بتائی جارہی ہے۔اس ماہ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع کسی بلند عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔

 

نومبر کے آغاز میں بھی حوثیوں کے حملے میں تیل کی بڑی کمپنی آرامکو سے تعلق رکھنے والی ایک عمارت متاثر ہوئی تھی۔جمعرات کی علی الصبح سعودی دارالحکومت میں موجود اے ایف پی کے صحافیوں نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی۔

 

حوثیوں کے خلاف لڑنے والے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے کہا کہ اس نے "دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے میزائل کے خطرے کو ناکام بنا دیا ہے۔”بعد ازاں عینی شاہدین نے اے ایف پی کو بتایا کہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔

 

ایک عینی شاہد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا”عمارت کے کئی منزلوں کے بیرونی حصے کو نقصان پہنچا ہے اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ کر باہر گر گئے ہیں۔”ایک اور عینی شاہد کے مطابق اس حملے سے پی آئی ایف ٹاور کے آس پاس کی بعض عمارتیں بھی متاثر ہوئیں جن کے شیشے کے بیرونی حصے ٹوٹ گئے۔

 

ان میں کچھ رہائشی عمارتیں بھی شامل ہیں۔دو دیگر عینی شاہدین نے بھی عمارت کو پہنچنے والے نقصان کی تصدیق کی۔ تاہم اے ایف پی کے صحافیوں کو عمارت تک جانے کی اجازت نہیں مل سکی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ ستمبر کے آغاز سے ہی عمارت کے زیادہ تر ملازمین گھر سے کام کر رہے تھے۔

 

جمعرات کی شام ریاض کے مختلف علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو موبائل فون پر الرٹس موصول ہوئے جن میں "فضائی دشمن خطرہ” سے خبردار کیا گیا تھا تاہم اس دوران کسی دھماکے کی آواز نہیں سنی گئی۔

Shadi
Shadi

متعلقہ خبریں

Back to top button