جنرل نیوز

مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم میں 80واں یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا

مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم میں 80واں یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا

 

کھمم: مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم میں 80واں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر کھمم کے معروف اردو صحافی اور مسجد زین العابدین مرکز کے امام و خطیب حافظ محمد جواد احمد نے قومی پرچم کشائی انجام دی۔ تقریب میں مدرسہ کے طلبہ نے حب الوطنی پر مبنی گیت اور مکالمے پیش کرتے ہوئے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد جواد احمد نے کہا کہ ہندوستان کو برطانوی غلامی سے آزاد کرانے کے لیے طویل جدوجہد اور بے شمار قربانیاں دینی پڑیں۔ جنگِ آزادی میں علماء کرام اور مسلمانوں نے بھی اہم کردار ادا کیا اور اپنے جان و مال کی قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد میں ملک کے تمام مذاہب اور طبقات کے لوگوں نے متحد ہوکر کلیدی کردار ادا کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ نے انگریزوں کے خلاف مزاحمت کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ تحریکِ ریشمی رومال نے بھی آزادی کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مولانا حسین احمد مدنیؒ، مولانا ابوالکلام آزادؒ اور مفتی کفایت اللہؒ سمیت متعدد علماء نے ابنائے وطن کو ساتھ لے کر انگریزوں کے خلاف تحریکِ آزادی کو ملک کے مختلف حصوں تک پہنچایا۔

 

حافظ محمد جواد احمد نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی قیادت میں آزادی کی تحریک کو کامیاب بنانے میں علماء کرام کا اہم کردار رہا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب کے تحفظ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کی سالمیت اور تعلیمی ترقی کے لیے مولانا ابوالکلام آزاد کے اصولوں پر عمل کیا جانا چاہیے اور تعلیمی میدان میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کیا جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک میں بدامنی اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ قومی اتحاد، باہمی احترام اور بھائی چارے کو فروغ دے کر ہی ملک کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔

 

اس موقع پر صدر مدرس دارالعلوم کھمم مولانا عارف مظاہری، مولانا سلمان قاسمی، مفتی محبوب علی قاسمی، مفتی رضوان، حافظ سید سلیم، حافظ نذیر احمد، مولانا سید صابر احمد اشاعتی، مولانا ضمیر اشاعتی سمیت مدرسہ کے اساتذہ اور طلبہ موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button