جرائم و حادثات

کنویں میں گرا موبائل نکالنے کی کوشش 2 نوجوان ہلاک

حیدرآباد: ریاست آندھراپردیش تروپتی میں کنویں میں گرے موبائل فون کو نکالنے کے لیے اترنے والا شخص اور اسے بچانے کے لیے نیچے اترنے والا ایک اور مزدور دونوں ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کپلا تیرتھم کے قریب ایک لانڈرتی ہے۔

 

لانڈری میں کام کرنے کے لیے اڈیشہ سے آئے 15 مزدور وہیں رہتے ہیں۔لانڈری کے احاطے میں موجود تقریباً 25 فٹ گہرے کنویں سے پانی نکال کر کپڑے دھوئے جاتے ہیں۔ فی الحال کنویں میں پانی کی سطح کم ہوگئی ہے۔

 

جمعہ کی شام مزدور بھیم راج (36) کنویں میں موجود پانی کا جائزہ لے رہا تھا کہ اس کی جیب سے موبائل فون کنویں میں گر گیا۔ موبائل نکالنے کے لیے اس نے دو کمبل باندھ کر کنویں میں اترنے کی کوشش کی۔

 

کنویں کے اندر سے بھیم راج کی جانب سے کوئی جواب نہ ملنے پر اسے بچانے کے لیے ایک اور مزدور نریش (21) بھی کنویں میں اترا وہ بھی اندر بے ہوش ہوکر گر پڑا۔ اس دوران تیسرے مزدور پٹیل نے کنویں میں تقریباً آدھے راستے تک اترنے کی کوشش کی لیکن چکر آنے پر فوراً واپس اوپر آگیا۔

 

اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور آکسیجن کی مدد سے کنویں میں اترنے کی کوشش کی، تاہم کامیاب نہ ہوسکا۔ بعد ازاں خصوصی آلات کی مدد سے دونوں مزدوروں کو کنویں سے باہر نکالا گیا لیکن اس وقت تک دونوں کی موت ہوچکی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button