جنرل نیوز

حج کی ادائیگی میں مناسک کی درست ادائیگی اور تربیت ضروری

کریم نگر 12 ستمبر: (نامہ نگار ) ضلع حج سوسائٹی کریم نگر کے زیرِ اہتمام ضلع کے عازمینِ حج کے لیے پہلا حج تربیتی پروگرام آج شالیمار فنکشن پیالس، کشمیر گڈہ، کریم نگر میں منعقد ہوا۔ پروگرام ضلع حج سوسائٹی کے صدر محمد ریاض علی رضوی کی نگرانی میں منعقد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے عازمینِ حج نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 

پروگرام میں مولانا سید مظہر قاسمی، ماسٹر ٹرینر حج کمیٹی آف انڈیا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے عازمینِ حج کو مناسکِ حج، سفرِ حج کے مختلف مراحل، احرام، طواف، سعی، وقوفِ عرفہ، رمی جمرات سمیت حج کے دیگر اہم ارکان و واجبات کے بارے میں تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے عازمین کو دورانِ سفر اور قیامِ حرمین کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر سے بھی واقف کرایا۔

 

اس موقع پر مولانا خواجہ کلیم الدین اسدی، مولانا خواجہ علیم الدین نظامی، مولانا محمد عبدالحئی شعیب لطیفی اور حافظ و قاری مولانا سید شاہ محمد قادری نے بھی شرکت کی اور عازمینِ حج کی رہنمائی کرتے ہوئے حج کی روحانی اہمیت، صبر و نظم و ضبط اور مناسک کی صحیح ادائیگی پر روشنی ڈالی۔ دیگر مقررین نے کہا کہ حج ایک عظیم عبادت ہے اور اس کے مناسک کی صحیح ادائیگی کے لیے عازمین کا روانگی سے قبل مکمل تربیت حاصل کرنا نہایت ضروری ہے۔

 

حج تربیت کے ذریعے عازمین کو مناسک کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ سفرِ حج کے دوران پیش آنے والے مختلف امور سے واقفیت حاصل ہوتی ہے، جس سے انہیں مقدس سفر کے دوران سہولت رہتی ہے۔ضلع حج سوسائٹی کے جنرل سکریٹری مسعود علی اکبر، آرگنائزنگ سکریٹری فیاض علی رضوی اور شعبۂ نشر و اشاعت کے سکریٹری محمد اکرم علی, مکرم سمیت سوسائٹی کے ذمہ داران نے پروگرام کے انتظامات میں حصہ لیا۔

 

پروگرام کے اختتام پر ضلع حج سوسائٹی کے ذمہ داران نے تمام عازمینِ حج کی شرکت پر اظہارِ تشکر کیا اور ان کے لیے سفرِ حج کی آسانی، صحت و سلامتی اور حجِ مبرور کی دعا کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button