ایم ایس ڈگری کالج میں CEIT فیسٹ کا شاندار انعقاد، طالبات نے پیش کیے کریٹیو کاروباری آئیڈیاز

حیدرآباد: 12 سپٹمبر۔پریس ریلیز/ ایم ایس ڈگری کالج فار ویمن ٹولی چوکی میں کامرس، انٹرپرینیورشپ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (CEIT) فیسٹ کا شاندار انعقاد عمل میں آیا، جس میں طالبات نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں، کاروباری فکر اور ٹیکنالوجی سے متعلق مہارتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ پروگرام کا آغاز خوبصورت انداز میں تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ وائس چیئرپرسن، ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی، محترمہ نزہت خان نے فیسٹ کا افتتاح کیا۔
فیسٹ کے دوران بی بی اے کی طالبات نے ”فنانس اینڈ ویمن ۔ حلال ویلتھ بلڈنگ آپشنز“ کے موضوع پر معلوماتی پریزنٹیشن پیش کی، جس کے بعد ”انٹرویوز کی اقسام ۔ ورک ایتھکس کی عکاسی“ کے عنوان سے ایک دلچسپ اسکیٹ پیش کیا گیا۔فیسٹ کا اہم اور خصوصی حصہ طالبات کی جانب سے قائم کیے گئے اسٹارٹ اَپ اسٹالز تھے، جہاں منفرد کاروباری تصورات کے ساتھ ساتھ مختلف تھری ڈی ماڈلز بھی پیش کیے گئے۔ ان ماڈلز کے ذریعے انشورنس، ٹیکسز، مونوپولسٹک مارکیٹس، صارفین کے حقوق سمیت کامرس اور کاروبار سے متعلق مختلف اہم تصورات کو نہایت مؤثر اور دلچسپ انداز میں اجاگر کیا گیا۔
فیسٹ میں ڈیجیٹل ٹرانزیکشن ہب، اے آئی ود ہائبرڈ ماڈل، نیچرل لینگویج پروسیسر، اے آئی بیسڈ بزنس ایپلی کیشنز، انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) ڈیوائسز، بگ فائیو پرسنالٹی ٹریٹس، اسمارٹ فارمنگ، جی ایس ٹی، کمیونٹی ہیلپرز اور پارٹنرشپ سمیت وسیع موضوعات پر طالبات کے تیار کردہ پراجیکٹس پیش کیے گئے۔اس موقع پر وائس چیئرپرسن، ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی، محترمہ نزہت خان کی موجودگی نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی ترغیب دی۔
اس فیسٹ میں والدین کو بھی شرکت کے لئے مدعو کیا گیا تھا۔ فیسٹ میں شریک والدین نے اپنی بیٹیوں کے تخلیقی ماڈلز اور شاندار پیشکشوں کا مشاہدہ کیا اور طالبات کی کارکردگی پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔




