Uncategorized

داؤد ابراہیم کے ساتھ تصویر نے میرا کیریئر خراب کیا۔ بالی ووڈ اداکارہ منداکنی

ممبئی: ماضی میں کئی تنازعات کا سبب بننے والی ایک وائرل تصویر پر بالی ووڈ اداکارہ منداکنی نے وضاحت پیش کی ہے۔ چند سال قبل داؤد ابراہیم کے ساتھ بیٹھی ہوئی ان کی ایک تصویر منظر عام پر آنے کے بعد شدید تنقید ہوئی تھی۔

 

اب اداکارہ نے اس معاملے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شو کے سلسلے میں دبئی گئی تھیں اور وہاں کرکٹ میچ دیکھنے کے دوران یہ تصویر لی گئی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے جان بوجھ کر داؤد ابراہیم سے ملاقات نہیں کی تھی اور یہ سب کچھ ان کی مرضی یا منصوبے کے بغیر ہوا تھا۔

 

منداکنی کے مطابق اس ایک تصویر نے ان کے کیریئر کو شدید متاثر کیا۔منداکنی نے ایک میڈیا انٹرویو میں بتایا ’’میں ایک شو کے لیے دبئی گئی تھی۔ وہاں اچانک مجھے کرکٹ اسٹیڈیم جانا پڑا۔ اسی دوران داؤد سے بات ہوئی۔ ایسا نہیں تھا کہ انہوں نے مجھے دبئی آنے کی دعوت دی تھی۔

 

ایک اداکارہ کی حیثیت سے ہم کس سے بات کریں گے یہ ہمیشہ ہمارے اختیار میں نہیں ہوتا۔ لوگ آتے ہیں اور ہم سے ملاقات کرتے ہیں یہ بھی اسی طرح ہوا تھا لیکن میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ ایک تصویر اتنا بڑا تنازع بن جائے گی۔

 

اس وقت مجھے سمجھ نہیں آیا کہ اس صورتحال کا سامنا کیسے کروں۔ میں نے اسی وقت اس معاملے پر وضاحت بھی دی تھی لیکن تنازع جاری رہا۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ 1980 کی دہائی میں بالی ووڈ فلموں کو انڈر ورلڈ سے فنڈنگ ملنے کے بارے میں انہیں کوئی معلومات نہیں تھیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بارے میں فلموں اور خبروں کے ذریعے ہی معلومات ملی تھیں۔اداکارہ منداکنی نے 1985 میں راج کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’رام تیری گنگا میلی‘ سے بطور ہیروئن فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔

 

یہ فلم باکس آفس پر زبردست کامیاب رہی اور منداکنی کو ایک خاص شناخت ملی۔ وہ تلگو فلموں کے ناظرین میں بھی معروف ہیں۔ انہوں نے ’سنگھاسن‘ اور ’بھارگوا راموڈو‘ جیسی فلموں میں بھی اداکاری کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button