ساؤتھ کیمپس کی ترقی، اردو لکچرر کی تقرری کے تیقن پر حکومتی مشیر محمدعلی شبیر سے اظہارِ تشکر
ساؤتھ کیمپس کی ترقی، اردو لکچرر کی تقرری کے تیقن پر حکومتی مشیر محمدعلی شبیر سے اظہارِ تشکر
کاماریڈی، 22 ستمبر:(سید کوثر علی کی رپورٹ)تلنگانہ یونیورسٹی کے ساؤتھ کیمپس کی ترقی اور کاماریڈی سرکاری آرٹس اینڈ سائنس کالج میں اردو لکچرر کی تقرری کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے مثبت اقدامات کے تیقن پر تلنگانہ یونیورسٹی گورننگ باڈی کے رکن محمد غازی نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور حکومتی مشیر محمد علی شبیر سے اظہارِ تشکر کیا۔
محمد غازی نے بتایا کہ ساؤتھ کیمپس میں نئے کورسز کے آغاز، لائبریری، سیمینار ہال اور ہیلتھ سنٹر کے لیے ایمبولنس سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں محمد علی شبیر سے نمائندگی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی شبیر نے طلبہ کے مسائل کو چیف منسٹر کے علم میں لایا، جس پر حکومت نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ضروری اقدامات کا یقین دلایا ہے۔
اسی طرح کاماریڈی سرکاری آرٹس اینڈ سائنس کالج میں اردو لکچرر کی کمی کا مسئلہ بھی حکومت کے علم میں لایا گیا۔ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو، اس مقصد سے اردو گیسٹ لکچرر کی تقرری کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کیے جانے پر محمد غازی نے خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے طلباء کے مسائل کے حل کے لیے تعاون کرنے پر حکومتی مشیر محمد علی شبیر اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ محمد غازی نے کہا کہ یونیورسٹی کی ترقی، طلبہ کی تعلیمی ضروریات اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے آئندہ بھی مزید اقدامات کیے جائیں گے



