تہواروں کے سیزن میں مہنگائی کا جھٹکا، اے سی، ٹی وی اور فریج ہوں گے مہنگے

نئی دہلی: تہواروں کے سیزن میں گھریلو استعمال کی الکٹرانک اشیاء کی قیمتیں صارفین کو جھٹکا دینے والی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اکتوبر سے اے سی، ٹی وی اور دیگر الیکٹرانک اشیا کی قیمتوں میں 8 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس کی وجہ تانبے اور اسٹیل کی قیمتوں میں اضافہ بتایا جا رہا ہے۔یکم اکتوبر سے ایئر کنڈیشنرز ، ٹی وی، واشنگ مشینوں اور فریج کی قیمتوں میں 3 فیصد سے 8 فیصد تک اضافہ ہونے کا امکان ہے۔بین الاقوامی سطح پر تانبا ، اسٹیل اور پلاسٹک جیسے خام مال کی قیمتوں میں زبردست اضافے کو اس قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ بتایا جا رہا ہے۔
خاص طور پر اے سی کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والے تانبے کی قیمت میں 25 سے 35 فیصد تک اضافہ ہوا ہے تاہم تہواروں کے سیزن کو دیکھتے ہوئے پرانا اسٹاک ابھی دستیاب ہے اس لیے امکان ہے کہ دسہرہ اور دیوالی تک ریٹیل قیمتوں میں زیادہ تبدیلی نہ ہو۔ نئی قیمتیں دیوالی کے بعد مکمل طور پر نافذ ہونے کا امکان ہے۔
بلو اسٹار (Blue Star): اے سی اور ڈیپ فریزرز کی قیمتوں میں پہلے ہی 5 سے 8 فیصد اضافہ کر چکا ہے۔ہائیئر (Haier): اعلان کیا ہے کہ یکم اکتوبر سے روم اے سی کی قیمت میں 5 فیصد جبکہ ٹی وی اور واشنگ مشینوں کی قیمتوں میں 2 سے 3 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ڈائیکن (Daikin): 16 ستمبر سے
قیمتوں میں 8 سے 10 فیصد اضافہ کر چکا ہے۔گوڈریج (Godrej): واضح کیا ہے کہ 5 سے 7 فیصد قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔پیناسونک (Panasonic): کہا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور جلد قیمتوں کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔



