فیس بک کی دوستی، آن لائن ٹریڈنگ کا جھانسہ – حیدرآباد کا ڈاکٹر 14.61 کروڑ روپے سے محروم
حیدرآباد: فیس بک پر ہونے والی ایک معمولی سی جان پہچان نے حیدرآباد کے ایرہ گڈہ کے 44 سالہ ڈاکٹر کو کروڑوں روپے سے محروم کردیا۔ سائبر مجرموں نے آن لائن ٹریڈنگ میں بھاری منافع کا لالچ دے کر ڈاکٹر سے مرحلہ وار 14.61 کروڑ روپے ہتھیا لیے۔ اتنی بڑی رقم کے فراڈ کا انکشاف ہونے کے بعد سائبر کرائم پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل ڈاکٹر کی فیس بک کے ذریعہ ایک انجان خاتون سے جان پہچان ہوئی۔ خاتون نے ڈاکٹر کو آن لائن ٹریڈنگ کے ذریعہ کم وقت میں بھاری منافع کمانے کا یقین دلایا۔ اس کے لیے اسے ایک ویب سائٹ کا لنک بھیجا گیا، جو بعد میں جعلی ثابت ہوا۔
ابتدائی طور پر ڈاکٹر سے کم رقم لگوائی گئی۔ ویب سائٹ پر سرمایہ کاری کے مقابلہ میں منافع بڑھتا ہوا دکھایا گیا، جس سے ڈاکٹر کا اعتماد مزید مضبوط ہوگیا۔ سائبر مجرموں نے اسی طریقۂ کار کو استعمال کرتے ہوئے انہیں بڑی رقم سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کیا۔
منافع کی امید میں ڈاکٹر نے ایک بار نہیں بلکہ کئی مرتبہ رقم جمع کرائی۔ اس طرح مجموعی طور پر 14.61 کروڑ روپے مبینہ طور پر سائبر مجرموں کے اکاؤنٹس تک پہنچ گئے۔ بعد میں جب ڈاکٹر نے اپنی رقم اور منافع واپس لینے کی کوشش کی تو مختلف بہانے بناتے ہوئے رقم نکالنے نہیں دی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر کو اندازہ ہوا کہ وہ سائبر فراڈ کا شکار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا، جس کے بعد سائبر کرائم پولیس نے مقدمہ درج کرکے رقم کی منتقلی اور ملوث افراد کے بارے میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔



