صحافیوں کے ایکریڈیٹیشن کارڈ کی تجدید کا ثبوت پیش کرنے تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت، TUWJF کی درخواست پر سماعت

صحافیوں کے ایکریڈیٹیشن کارڈ کی تجدید کا ثبوت پیش کرنے تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت، TUWJF کی درخواست پر سماعت
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ورکنگ جرنلسٹس کے ایکریڈیٹیشن کارڈز کی تجدید سے متعلق اپنے دعوے کی تصدیق کے لیے عدالت میں میمو داخل کریں۔
تلنگانہ اسٹیٹ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (TUWJF) کی جانب سے دائر کردہ توہینِ عدالت کی درخواست پر ڈویژن بینچ نے سماعت کی۔ فیڈریشن کے سکریٹری جناب غوث محی الدین نے معاملے میں TUWJF کی نمائندگی کی۔
جسٹس پی۔ سام کوشی اور جسٹس نرسنگ راؤ نندیکونڈہ پر مشتمل ڈویژن بینچ نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے کورٹ نمبر 2 میں اس معاملے کی سماعت کی۔
حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل راہل ریڈی عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ حکام نے صحافیوں کے ایکریڈیٹیشن کارڈز کی تجدید پہلے ہی کردی ہے اور سابقہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کیا جاچکا ہے۔
تاہم درخواست گزار کی جانب سے ایڈوکیٹ برکت علی خان نے اس دعوے کی مخالفت کی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ صحافیوں کے ایکریڈیٹیشن کارڈز کی ابھی تک تجدید نہیں کی گئی ہے۔
ایڈوکیٹ برکت علی خان نے عدالت کو بتایا کہ حکام نے TGSRTC کو بس پاسز کی تجدید کے سلسلے میں ایک سرکلر جاری کیا ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اس سرکلر کو عدالت کے حکم کی تعمیل قرار دینا عدالت کو گمراہ کرنے کے مترادف ہوسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج تک صحافیوں کے ایکریڈیٹیشن کارڈز کی تجدید نہیں کی گئی اور 28 فروری 2026 کے بعد ایکریڈیٹیشن کارڈز کی تجدید سے متعلق کوئی سرکلر I&PR محکمہ کو موصول نہیں ہوا۔
درخواست گزار کے وکیل نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے اپنے سابقہ حکم میں واضح طور پر صحافیوں کے ایکریڈیٹیشن کارڈز کی تجدید کی ہدایت دی تھی اور یہ حکم صرف بس پاسز کی تجدید تک محدود نہیں تھا۔
ایڈوکیٹ برکت علی خان نے مؤقف اختیار کیا کہ اس لیے 30 اپریل 2026 کو جاری کیے گئے عدالتی حکم کی مکمل تعمیل نہیں ہوئی ہے۔
دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد ڈویژن بینچ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اپنے دعوے کو ریکارڈ پر لاتے ہوئے میمو داخل کریں اور اس بات کی تصدیق کریں کہ صحافیوں کے ایکریڈیٹیشن کارڈز کی تجدید کی جاچکی ہے۔
تلنگانہ ہائی کورٹ نے معاملے کی مزید سماعت کے لیے 5 نومبر 2026 کی تاریخ مقرر کی ہے۔



