19اکتوبر کو اردو مسکن خلوت مبارک میں مرکزی جشنِ شیخ الاسلامؒ و علمائے جامعہ نظامیہ کی خاموش خدمات پر عظیم الشان جلسہ

19 / اکتوبر کو اردو مسکن خلوت مبارک میں مرکزی جشنِ شیخ الاسلامؒ و علمائے جامعہ نظامیہ کی خاموش خدمات پر عظیم الشان جلسہ
*پریس کانفرنس میں مولانا حکیم صوفی سید شاہ محمد خیرالدین قادری اور اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ قادری کا اعلان*
*شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ ڈاکٹر محمد سیف اللہ قادری کریں گے صدارت*
*ملک کے ممتاز علمائے کرام، مشائخ عظام اور دانشوران ملت کی شرکت متوقع*
حیدرآباد _ 11 / اکتوبر ( پریس نوٹ )بزم فرزندان جامعہ نظامیہ و محبان جامعہ نظامیہ کے زیرِ اہتمام بروز پیر ، 19 اکتوبر 2026 ء ، بعد نمازِ عشاء سالار ملت میموریل آڈیٹوریم ، اردو مسکن ، خلوت مبارک ، حیدرآباد دکن میں مرکزی جشنِ شیخ الاسلامؒ اور علمائے جامعہ نظامیہ کی خاموش و ٹھوس دینی و روحانی ، علمی اور ملی خدمات کے اعتراف میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جائے گا ۔ اس بات کا اعلان کنوینرس جلسہ حضرت الحاج مولانا حکیم صوفی سید شاہ محمد خیرالدین قادری بانی و صدر آل انڈیا صوفی علماء کونسل اور اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر ضلع نے آج دوپہر 12 / بجے دن میڈیا پلس ، جامعہ نظامیہ ، اسٹیٹ گن فاؤنڈری ، حیدرآباد میں منعقدہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ جامعہ نظامیہ برصغیر کی ممتاز دینی و علمی درسگاہ ہے ، جس نے تقریباً ڈیڑھ صدی سے زائد عرصے میں علم و فضل ، دینی رہنمائی ، روحانی تربیت اور اسلامی تعلیمات کی اشاعت میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔ اس عظیم ادارے کے فیض سے لاکھوں افراد مستفید ہوئے اور اس کے فارغین دنیا کے مختلف خطوں میں خاموشی ، استقامت اور اخلاص کے ساتھ دین اسلام کی خدمت انجام دے رہے ہیں ۔
*شیخ الاسلام حضرت علامہ حافظ امام محمد انواراللہ فاروقیؒ بانی جامعہ نظامیہ کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت*
مقررین نے کہا کہ بارگاہِ نبویؐ سے نسبت رکھنے والی شہرۂ آفاق جامعہ نظامیہ کی بنیاد شیخ الاسلام والمسلمین ، عارف باللہ ، حضرت علامہ حافظ الحاج امام محمد انواراللہ فاروقی فضیلت جنگ بہادرؒ نے 1292 ہجری میں جامعہ نظامیہ کی بناء تقویٰ ، توکل اور اخلاص کی اساس پر رکھی ۔ ۔ آپؒ کی قائم کردہ یہ عظیم علمی و روحانی دینی درسگاہ آج بھی علمِ قرآن حکیم ، حدیث نبویؐ ، فقہ ، عربی زبان اور اسلامی علوم کی تدریس و اشاعت میں اہم و نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
جامعہ نظامیہ سے مولوی ، عالم ، فاضل ، کامل ، حافظِ قرآن اور منشی و منشی فاضل جیسے علمی مدارج حاصل کرنے والے بے شمار افراد نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔ اس ادارے کی علمی خدمات کا دائرہ صرف مسلمانوں تک محدود نہیں رہا بلکہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی یہاں سے مؤثر و بھرپور استفادہ کیا ۔ ان میں آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر بورگلہ رام کرشنا راؤ ، سابق سینیئر ارکان پارلیمان ایم باگا ریڈی ، وینکٹ سوامی ، شیو شنکر ، چنہ ریڈی اور دیگر شخصیات کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں ۔
مقررین نے کہا کہ جامعہ نظامیہ کے علمائے کرام کی خدمات کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ وہ شہرت نام نمود سے دور رہتے ہوئے درس و تدریس ، تصنیف و تالیف ، اصلاحِ معاشرہ ، دینی رہنمائی اور دعوت و تبلیغ کے ذریعے ملت اسلامیہ کی نمایاں و بیش بہا خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ مرکزی جشنِ شیخ الاسلامؒ کے انعقاد کا واحد مقصد بانیِ جامعہ نظامیہ رحمہ اللہ کی علمی و روحانی میراث کو یاد کرنا اور علمائے نظامیہ کی ان خاموش مگر مؤثر خدمات کو عوام الناس کے سامنے اجاگر کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔
*ممتاز عالم دین کی سرپرستی*
*شیخ الجامعہ کی صدارت*
اس عظیم الشان جلسے کی سرپرستی پیرِ طریقت حضرت مولانا الحاج سید حسن شبیر محمد محمد الحسینی المعروف عقیل بابا صاحب قبلہ سجادہ نشین روضۂ خوردؒ گلبرگہ شریف کرناٹک فرمائیں گے ، جبکہ صدارت ادیب العصر حضرت مولانا ڈاکٹر الحاج محمد سیف اللہ قادری شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ انجام دیں گے۔ جلسے کی نگرانی حضرت مولانا الحاج سید شاہ محمود پادشاہ قادری زرین کلاہ جانشین حضرت سلطان الواعظینؒ فرمائیں گے ۔
*ملک کے ممتاز علمائے کرام ، مشائخ عظام اور دانشوران کے خطابات*
جلسے سے جن ممتاز علمائے کرام، مشائخ عظام اور دانشوران کے خطاب کی توقع ہے ان میں قابل ذکر شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ نجم المحدثین حضرت علامہ حافظ الحاج مفتی ڈاکٹر سید شاہ صغیر احمد نقشبندی ، عمدۃ الحکمت حضرت علامہ الحاج سید شاہ نعمت اللہ قادری، بانی مدرسہ عربیہ انوارالعلوم ؛ حضرت مولانا الحاج ڈاکٹر محمد مصطفیٰ شریف نقشبندی ، صدر شعبۂ عربی جامعہ عثمانیہ ؛ امیر ملت اسلامیہ حضرت مولانا الحاج محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ مہتمم دارالعلوم حیدرآباد؛ نبیرۂ کعبۂ دکن حضرت مولانا الحاج سید شاہ کلیم اللہ محمد محمد الحسینی المعروف کاشف پاشاہ بندہ نوازی سجادہ نشین ایچرانی شریف سدی پیٹھ ؛ جناب محمد اظہرالدین امیر حلقہ جماعت اسلامی تلنگانہ ؛ حضرت مولانا سید اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ، جانشین شیخ الاسلامؒ، قادری چمن؛ غازیِ اہل سنت حضرت مولانا الحاج غلام صمدانی علی قادری صدر مرکزی انجمن قادریہ ؛ جناب عمر احمد شفیق جنرل سیکریٹری کل ہند مجلس تعمیر ملت ؛ مولانا ڈاکٹر سید آصف عمری جمعیت اہل حدیث ؛ حضرت مولانا حافظ ڈاکٹر مرتضیٰ علی صوفی قادری حیدر پاشاہ خلیفۂ اعظم المشائخؒ؛ مولانا ڈاکٹر حافظ محمد محامد ہلال اعظمی ، نائب صدر آل انڈیا صوفی علماء کونسل؛ اور حضرت مولانا حافظ الحاج محمد مظفر حسین خان بندہ نوازی، کنوینر میلاد جلوس حیدرآباد شامل ہیں ۔
ان کے علاوہ حضرت مولانا الحاج خواجہ ابوتراب شاہ قادری چشتی یمنی بندہ نوازی ، سجادہ نشین بارگاہ ہلکٹہ شریف ؛ حضرت مولانا الحاج ڈاکٹر سید شاہ محمد عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی حضرت مدنی پاشاہؒ شرفی چمن ؛ مفسرِ قرآن حضرت مولانا محمد محی الدین قادری محمودی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و خازن انجمن طلباء قدیم جامعہ نظامیہ ؛ حضرت مولانا الحاج سید عبدالمہیمن سجاد پاشاہ قادری، سجادہ نشین پتھر والے صاحبؒ؛ ترجمانِ قادریت حضرت مولانا الحاج ڈاکٹر حافظ سید رضوان پاشاہ قادری ، نبیرۂ قطب الاقطاب حضرت سید شاہ عبداللطیف لاابالیؒ کرنولی ؛ حضرت مولانا الحاج ڈاکٹر حافظ سید شاہ احمد غوری نقشبندی، نائب شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ؛ اور جناب شیخ صادق صاحب ایڈوکیٹ بھی مخاطب کریں گے ۔
تلاوتِ کلام پاک ، نعت شریف اور نظامت کے فرائض ان
جلسے کا آغاز حضرت مولانا الحاج حافظ محمد اسماعیل ذبیح اللہ نقشبندی، مولوی کامل جامعہ نظامیہ کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوگا، جبکہ مولانا محمد فرحت اللہ شریف صوفی قادری بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کریں گے۔ جلسے کی نظامت اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی انجام دیں گے۔
عامۃ المسلمین اور فرزندانِ جامعہ نظامیہ سے شرکت کی اپیل
کنوینرس نے عامۃ المسلمین، بالخصوص فرزندانِ جامعہ نظامیہ، علمائے کرام، مشائخ عظام، دانشوران، جامعہ کے قدیم طلباء اور محبانِ جامعہ نظامیہ سے پرخلوص اپیل کی کہ وہ اس علمی، دینی اور روحانی اجتماع میں شرکت کرکے جشنِ شیخ الاسلامؒ کو کامیاب بنائیں اور بانیِ جامعہ نظامیہ حضرت علامہ حافظ امام محمد انواراللہ فاروقیؒ کی گراں قدر علمی و دینی خدمات کو بھرپور و مؤُثر خراجِ عقیدت پیش کریں ۔ تمام شرکاء کے لئے عشائیہ کا انتظام جناب محمد اقبال احمد سہانہ فنکشن ہال کی جانب سے کیا گیا ہے ۔
*پریس کانفرنس میں علماء و مشائخ کی شرکت*
اس پریس کانفرنس میں مولانا قاری محمد فرحت اللہ شریف صوفی قادری، فاضل جامعہ نظامیہ؛ حضرت سید ایوب قادری، نبیرۂ حضرت ہاشم دستگیرؒ ؛ حضرت مولانا شیخ محمد اسماعیل پاشاہ قادری المعروف معصوم بابا سجادہ نشین حضرت مومن شاہ صاحبؒ ؛ اور حضرت سید زاہد علی قادری صوفی ، سجادہ نشین و متولی درگاہ ابراہیم پٹنم موجود تھے ۔



