
حیدرآباد: شہر کے بنجارہ ہلز علاقے میں قتل کی واردات پیش آئی جہاں لوگوں کی موجودگی میں ایک شخص کو بے دردی سے چاقوؤں سے حملہ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ اس واقعہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقتول کی شناخت فاروق کی حیثیت سے کی گئی ہے جو ملاپور کا ساکن اور پیشہ سے کنسٹرکشن سپروائزر تھا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق عماد نامی شخص نے سابقہ تنازعہ کی رنجش کے باعث فاروق کا قتل کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ماضی میں عماد پر حملے کے ایک معاملے میں فاروق ملزم تھا۔ اسی واقعہ کو لے کر عماد اس سے دشمنی رکھتا تھا۔
آج فاروق پٹاخے خریدنے کے لیے بنجارہ ہلز کے ساگر سوسائٹی علاقے پہنچا تھا۔ وہ اپنی موٹر سائیکل پارک کررہا تھا کہ اسی دوران عماد نے مبینہ طور پر اس پر چاقو سے حملہ کردیا۔ جان بچانے کے لیے فاروق نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن ملزم نے اس کا تعاقب کیا اور پٹاخوں کی دکان کے قریب چاقو سے حملہ کرکے اسے موقع پر ہی ہلاک کردیا۔
واردات کے بعد ملزم وہاں سے فرار ہوگیا۔ عوام کے درمیان پیش آئے اس واقعہ پر مقامی افراد میں تشویش پائی جاتی ہے۔ پولیس تحقیقات اور ملزم کی موجودہ صورتحال سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔



