یومِ نشریاتِ عامہ: قومی شعور، تعلیمی بیداری اور مادری زبانوں کے فروغ میں ریڈیو کا ناقابلِ فراموش کردار مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

یومِ نشریاتِ عامہ: قومی شعور، تعلیمی بیداری اور مادری زبانوں کے فروغ میں ریڈیو کا ناقابلِ فراموش کردار مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری
حیدرآباد، 12 نومبر (پریس ریلیز):
ابلاغِ عامہ کسی بھی مہذب معاشرے کی فکری، تہذیبی اور تعلیمی تشکیل میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ذرائع ابلاغ جہاں عوام تک اطلاعات و معلومات پہنچانے کا ذریعہ ہیں، وہیں قومی یکجہتی، سماجی شعور، تہذیبی اقدار اور علمی بیداری کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ بالخصوص ریڈیو ایک ایسا مؤثر اور ہمہ گیر ذریعۂ ابلاغ ہے جس نے اپنی سادگی، رسائی اور افادیت کے ذریعے معاشرے کے ہر طبقے تک علم و آگہی کی روشنی پہنچائی ہے۔
12 نومبر کو یومِ نشریاتِ عامہ (Public Service Broadcasting Day) کے موقع پر خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز، نامپلی، حیدرآباد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں یہ دن 12 نومبر 1947ء کو مہاتما گاندھی کے آل انڈیا ریڈیو سے کیے گئے تاریخی خطاب کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یہ موقع ہمیں ذرائع ابلاغ کی سماجی ذمہ داریوں، قومی اتحاد اور عوامی تعلیم و تربیت میں ان کے مثبت کردار کا احساس دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو نے ہندوستان کی تاریخ میں نہایت اہم خدمات انجام دی ہیں۔ دور دراز دیہی علاقوں سے لے کر شہری آبادیوں تک خبریں، تعلیمی پروگرام، ادبی مذاکرے، سائنسی معلومات، زرعی رہنمائی اور اصلاحی پیغامات پہنچانے میں ریڈیو کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ بالخصوص ایسے طبقات جو جدید ڈیجیٹل ذرائع تک آسانی سے رسائی نہیں رکھتے، ان کے لیے ریڈیو آج بھی معلومات کا ایک مؤثر وسیلہ ہے۔
مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری نے اردو زبان کے حوالے سے کہا کہ ریڈیو نے اردو ادب، شاعری، افسانہ، ڈرامہ، تقاریر اور علمی و دینی پروگراموں کی نشر و اشاعت کے ذریعے زبان کی شیرینی، ادبی عظمت اور تہذیبی شناخت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اردو محض ایک زبان نہیں بلکہ ہماری مشترکہ تہذیبی وراثت، علمی سرمایہ اور گنگا جمنی تہذیب کی ایک نمایاں علامت ہے۔ اس کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ ریڈیو، ٹیلی ویژن اور جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمس پر معیاری اردو پروگراموں کو مناسب نمائندگی دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنا بچوں کی فکری نشوونما، ذہنی استعداد اور بنیادی تصورات کو سمجھنے کے لیے نہایت معاون ثابت ہوتا ہے۔ ابتدائی تعلیم میں مادری زبان کو اہمیت دینے کے ساتھ دیگر زبانوں کی تدریس کو بھی مؤثر بنایا جائے، تاکہ طلبہ اپنی تہذیبی جڑوں سے وابستہ رہتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر علمی و عملی ترقی حاصل کرسکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی نشریات کو محض نصابی معلومات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان میں اخلاقی تربیت، سائنسی شعور، تاریخی واقفیت، ادبی ذوق، دینی و سماجی اقدار اور عصری تقاضوں کو بھی شامل کیا جائے۔ اساتذہ، ماہرینِ تعلیم، ادیبوں اور دانشوروں کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے طلبہ کے لیے ایسے پروگرام مرتب کیے جائیں جو ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور شخصیت سازی میں معاون ہوں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں ریڈیو کی افادیت ختم نہیں ہوئی بلکہ اس کی وسعت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انٹرنیٹ، پوڈکاسٹ اور آن لائن نشریات نے ریڈیو کو نئی جہتیں عطا کی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے اردو سمیت تمام علاقائی اور مادری زبانوں میں معیاری تعلیمی و اصلاحی مواد تیار کیا جائے۔
آخر میں مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری نے کہا کہ یومِ نشریاتِ عامہ محض ایک یادگاری دن نہیں بلکہ ذرائع ابلاغ کو ان کی تعلیمی، تہذیبی اور سماجی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کا اہم موقع ہے۔ اگر نشریاتی ادارے زبان و ادب کے تحفظ، تعلیمی بیداری، قومی یکجہتی اور اخلاقی اقدار کے فروغ کو اپنا نصب العین بنائیں تو وہ ایک باشعور، مہذب اور علم دوست معاشرے کی تشکیل میں غیر معمولی کردار ادا کرسکتے ہیں۔



