جنرل نیوز

نارائن پیٹ میں ضلع مرکزی کتب خانے کی تعمیراتی کاموں میں تیزی لائی جائے: کلکٹر پرینکا

نارائن پیٹ: 12 نومبر (اردو لیکس) ضلع کلکٹر سی ایچ پرینکا نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نارائن پیٹ ضلع مرکز میں زیر تعمیر ضلع مرکزی کتب خانے کی عمارت کے کاموں میں تیزی لاتے ہوئے مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ کتب خانے میں طلبہ، نوجوانوں اور قارئین کے لیے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں۔ جمعرات کو کلکٹر نے ضلع لائبریری ادارہ کے چیئرمین وارلا وجئے کمار اور متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ ایرا گٹہ کے مقام پر زیر تعمیر کتب خانے کی عمارت کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ریڈنگ روم، اسٹور روم اور دیگر بنیادی سہولتوں کے تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت نے ضلع مرکزی کتب خانے کی تعمیر کے لیے 1.53 کروڑ روپے منظور کیے ہیں، جن میں سے اب تک تقریباً 90 لاکھ روپے کے کام مکمل ہوچکے ہیں،

 

جبکہ بقیہ کام جاری ہیں۔ اس موقع پر کلکٹر نے ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور انجینئرنگ منصوبے کے مطابق تمام کام تیزی سے مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر ریڈنگ روم کو طلبہ، مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے امیدواروں اور قارئین کے لیے آرام دہ اور سازگار ماحول کے ساتھ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ پینے کے پانی، ہوا اور روشنی سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر بھی توجہ دینے کو کہا۔

 

کلکٹر نے کتب خانے کے قریب زیر تعمیر پانی کی ٹنکی کا بھی معائنہ کیا اور اسے دسمبر تک مکمل کرکے عوام کے لیے دستیاب کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر میونسپل چیئرپرسن کونڈا شویتا ستیہ یادو، پبلک ہیلتھ ای ای وجئے بھاسکر ریڈی، میونسپل کمشنر شنکر نائک، پبلک ہیلتھ اے ای گیانیشور ریڈی اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button