معاشرے میں عورت محض ایک شے رہی ہے، قرآن نے اُسے ایک مکمل شخصیت کا درجہ دیا۔تانیشیت، عورت کے حقوق و انفراد اور شخصی وقار کے حصول کے لئے جدوجہد کی تحریک کا نام ہے پروفیسر آمنہ تحسین

بنگلورو۔ انڈیا اردو انسٹی ٹیوٹ، بنگلور کے زیر اہتمام یہاں 10 نومبر 2022 کو "اردو میں تانیشی ادب” کے عنوان پر پروفیسر آمنہ تحسین، شعبہ مطالعات نسواں، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدر آباد کے ایک توسیعی خطاب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ معاشرے نے عورت کے ساتھ ایک شے (object) کی طرح برتاؤ کیا اور حسب منشا اس کی حیثیت متعین کی جبکہ قرآن نے عورت کو ایک مکمل شخصیت کا درجہ دیا اور اسے مختلف سورتوں میں ایک با اختیار انسانی وجود یعنی (subject) کے طور پر مخاطب کیا۔
نیز ان کے ساتھ بہترین حسن سلوک کی ہدایات دیں۔ انہوں نے اپنے عالمانہ خطاب میں اس موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ عورت بالعموم مرد کے لئے ایک وفا شعار بیوی، بچوں کی نگہداشت کرنے والی اور خانہ داری کی ذمہ داریاں سنبھالنے والی گھر دانی گئی ہے۔ بحیثیت ایک انسان، عورت کے اپنے احساسات کیا ہیں، اُس کی اپنی امنگیں اور آرزوئیں کیا ہیں، اور اُس کا ذاتی تشخص کیا ہے، ان باتوں کو سرے سے نظر انداز کر دیا گیا۔ ادب میں اس کا ذکر آیا بھی ہے تو مغنیہ، رقاصہ، کنیز، جادوگرنی اور کنجری کی حیثیت سے۔ بہت تیر مار لیا تو اُسے دیوی بنا دیا۔
یہ دونوں ہی حیثیتیں عورت کے انسانی تشخص کی نفی کرتی ہیں۔ قرآن نے ڈیڑھ ہزار برس پہلے ہی عورت کو حقیر سمجھنے کے خلاف قانون وراثت کے علاوہ مومنین اور مومنات کے ساتھ مسلمات کا مساوی درجہ عطا کیا۔ لیکن عملی زندگی میں قرآن کے اس انقلابی اقدام پر قدیم تصورات آہستہ آہستہ حاوی ہوتے گئے اور حسب دستور اُسے انسان کے درجے سے گرا کر صرف ایک برتنے والی کارآمد چیز بنا دیا گیا۔
ڈاکٹر آمنہ تحسین نے کہا کہ اس پس منظر میں تعلیم اور شعور کی ترقی کے ساتھ عورت کے اندر خود کو منوانے کا جذبہ اُبھرا اور یہی جذبہ تحریک تانیشیت (Feminism) کی بنیاد اور مقصد بنا۔ تانیشیت ایک وقتی یا ہنگامی تحریک نہیں ہے بلکہ جب بھی طبقہ نسواں کے ساتھ کوئی زیادتی ہوتی ہے تو اُس کی حمایت میں اُٹھ کھڑے ہونے والی قیم رواں، ہر دم جوال تحریک ہے اور شعر و ادب اس کی ترجمانی کا حق پوری شدّت سے ادا کر رہے ہیں۔
مغرب میں یہ تحریک ایک پہلے اُبھری۔ ہندوستان میں بھی 1980 کے بعد نسائی ادب کو کافی استحکام حاصل ہوا۔ شاہین باغ کے احتجاج نے عورت کے تشخص کو نہ صرف قائم کر دیا بلکہ بے مہار سیاسی اقتدار کو خاک پر چاٹنے پر مجبور کر دیا۔ عصری منظر نامے میں CJP کی نیہا بورا، عورت کے تشخص اور نسائی طاقت کی نئی علمبردار بن کر اُبھری ہے۔
اس بے حد معلوماتی اور عالمانہ خطاب کے بعد سامعین کے ساتھ تبادلہ خیالات کا دور کوئی ایک گھنٹے تک جاری رہا اور محترمہ نے مدلل اور مستند حوالہ جات کی مدد سے نشندہ پیشانی سے ہر سوال کا جواب دیا۔ اس حصے میں ہندوستانی اردو پنج کے معتمد این ڈی ملا، آل انڈیا ریڈیو کے وظیفہ یاب ڈائریکٹر ملنسار اطہر احمد، جناب عزیز اللہ بیگ، آئی اے ایس (ریٹائرڈ)، پروفیسر حلیمہ فردوس، "ہم” کے صدر جناب اعجاز علی جوہری، ڈاکٹر طاہرہ نورانی اور انڈیا اردو انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر من سعید وغیرہ شامل تھے۔
خطاب کے آخر میں کرناٹک اردو اکادمی کی دو اعزاز یافتہ ادیبوں ڈاکٹر حلیمہ فردوس اور ڈاکٹر طاہرہ نورانی کی خدمت میں انڈیا اردو انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے تہنیت پیش کی گئی۔



