رکن قانون ساز کونسل تین مار ملنا کے قافلے کو حادثہ 4 افراد شدید زخمی

حیدرآباد: ایم ایل سی تین مارملنا کے قافلے میں شامل ایک گاڑی سڑک حادثے کا شکار ہوگئی۔ یہ واقعہ یادادری ضلع کے موتکور منڈل کے انجی پورم کے قریب پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق تینمار ملنا کی پدیاترا موتکور سے انجی پورم ہوتے ہوئے تروماگیری کی سمت جاری تھی۔ اسی دوران پیچھے سے تیز رفتار سے آنے والے ایک لاری نے ان کے قافلے میں شامل کار کو زور دار ٹکر مار دی۔
ٹکر کے نتیجے میں کار بے قابو ہوکر سامنے سے آنے والی ایک دوسری کار سے جا ٹکرائی۔اس حادثے میں دوسری کار میں سوار چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی شناخت تروماگیری سے تعلق رکھنے والے سریناتھ، ان کی اہلیہ چندنا، دو سالہ بیٹے اور ڈرائیور سریش کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
زخمیوں کو 108 ایمبولینس کے ذریعہ نارکٹ پلی کے کامینینی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اطلاع کے مطابق میاں بیوی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حادثے میں تین مار ملنا کی کار میں سوار دو افراد کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ٹکر کی شدت سے ملنا کی کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ تاہم حادثے کے وقت وہ اپنی کار میں موجود نہیں تھے جس کے باعث وہ محفوظ رہے۔پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تفصیلات حاصل کیں اور واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔



