کم خوری، صبر و شکر انسان کو اللہ تعالیٰ کے قرب سے سرفراز کرتے ہیں: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری
کم خوری، صبر و شکر انسان کو اللہ تعالیٰ کے قرب سے سرفراز کرتے ہیں: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری
حیدرآباد، 13 نومبر (پریس ریلیز): انسانی زندگی اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں، آزمائشوں اور مواقعِ عمل کا مجموعہ ہے۔ کبھی فراوانی و آسودگی کے ذریعے بندے کی شکرگزاری کو آزمایا جاتا ہے تو کبھی تنگی، بھوک، بیماری اور مصائب کے ذریعے اس کے صبر و استقامت کا امتحان لیا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کامیاب زندگی محض مادی آسائشوں اور دنیاوی وسائل کی فراوانی کا نام نہیں، بلکہ اصل کامیابی یہ ہے کہ انسان ہر حال میں اپنے رب کی رضا پر راضی رہے، اس کی نعمتوں کا شکر ادا کرے اور اس کے بندوں کے ساتھ حسنِ سلوک اور ہمدردی کا معاملہ کرے۔
ان خیالات کا اظہار خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز، نامپلی، حیدرآباد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد میں منعقدہ ایک عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کم خوری، صبر، شکر اور قناعت ایسی پاکیزہ صفات ہیں جو انسان کے ظاہر و باطن کو سنوارتی، نفس کی اصلاح کرتی اور اسے اللہ تعالیٰ کے قرب کا مستحق بناتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے بار بار شکرگزاری کی اہمیت کو اجاگر فرمایا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ’’اگر تم شکر ادا کرو گے تو میں تمہیں ضرور زیادہ عطا کروں گا، اور اگر ناشکری کرو گے تو بے شک میرا عذاب سخت ہے۔‘‘ (سورۂ ابراہیم: 7) یہ آیتِ مبارکہ انسان کو اس حقیقت سے آگاہ کرتی ہے کہ شکرگزاری محض زبان سے الحمدللہ کہہ دینے کا نام نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کو اس کی رضا کے مطابق استعمال کرنا، ان کی قدر کرنا اور ان نعمتوں کو دوسروں تک پہنچانے کا ذریعہ بنانا بھی شکر کا اہم تقاضا ہے۔
مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد
صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ شکرگزاری کا کامل نمونہ ہے۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ راتوں کو اس قدر عبادت فرماتے کہ آپ کے مبارک قدموں پر ورم آ جاتا۔ جب حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ! آپ اتنی مشقت کیوں برداشت فرماتے ہیں، جبکہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے اگلے پچھلے تمام معاملات میں مغفرت کا وعدہ فرما دیا ہے، تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’کیا میں شکر گزار بندہ نہ بنوں؟‘‘ (صحیح بخاری و صحیح مسلم) اس فرمانِ نبوی سے واضح ہوتا ہے کہ عبادت و بندگی کا ایک عظیم مقصد اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا عملی شکر ادا کرنا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام نے زندگی کے معمولی سے معمولی عمل کو بھی شکرگزاری کا ذریعہ بنایا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اس بندے سے راضی ہوتا ہے جو کھانا کھانے کے بعد اس کا شکر ادا کرے یا پانی پینے کے بعد اس کی حمد و ثنا بجا لائے۔ (صحیح مسلم) اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مومن کی زندگی کا کوئی لمحہ بھی اللہ تعالیٰ کی یاد اور شکر سے خالی نہیں ہونا چاہیے۔
مولانا نے کہا کہ مسلمان کی زندگی صبر و شکر کے حسین امتزاج سے عبارت ہے۔ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ مومن کا معاملہ عجیب ہے، اس کے ہر حال میں خیر ہی خیر ہے؛ اگر اسے خوش حالی اور نعمت حاصل ہوتی ہے تو شکر ادا کرتا ہے اور یہ اس کے لیے باعثِ اجر ہے، اور اگر اسے تکلیف پہنچتی ہے تو صبر کرتا ہے اور یہ بھی اس کے لیے باعثِ اجر ہے۔ (صحیح مسلم) لہٰذا حالات خواہ سازگار ہوں یا ناسازگار، بندۂ مومن کا تعلق اپنے رب سے مضبوط رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری معاشرتی اور انفرادی زندگیوں میں بے اطمینانی، بے صبری، حرص اور ناشکری نے جگہ بنا لی ہے۔ بے شمار نعمتوں کے باوجود انسان دوسروں کی خوش حالی دیکھ کر اپنی زندگی کو محرومی سمجھنے لگتا ہے۔ حالانکہ قناعت وہ دولت ہے جو انسان کو قلبی سکون عطا کرتی ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے قناعت اختیار کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے فرمایا کہ قناعت اختیار کرو، تم سب سے زیادہ شکر گزار بن جاؤ گے۔ اسی طرح آپ ﷺ نے لوگوں کے ساتھ حسنِ سلوک اور ہمدردی کی تعلیم دیتے ہوئے فرمایا کہ جو چیز تم اپنے لیے پسند کرتے ہو، وہی دوسروں کے لیے بھی پسند کرو۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھوکا رہنا سیکھیں تاکہ دوسروں کی بھوک کا احساس پیدا ہو۔ انسان جب خود بھوک کی کیفیت کو سمجھتا ہے تو اسے ان غریب خاندانوں، یتیم بچوں، بیواؤں، بے سہارا افراد اور ضرورت مندوں کی مشکلات کا اندازہ ہوتا ہے جنہیں روزمرہ زندگی میں دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہوتی۔ بھوک کا احساس محض جسمانی کیفیت نہیں بلکہ یہ انسان کے اندر رحم دلی، ایثار، مواسات اور خدمتِ خلق کے جذبات بیدار کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام نے بھوکوں کو کھانا کھلانے، پیاسوں کو پانی پلانے، یتیموں کی سرپرستی کرنے اور محتاجوں کی مدد کرنے کو بڑی فضیلت عطا کی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے نیک بندوں کی صفت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ اللہ کی محبت میں مسکین، یتیم اور قیدی کو کھانا کھلاتے ہیں۔ (سورۂ الدہر: 8) اس قرآنی تعلیم سے واضح ہوتا ہے کہ حقیقی نیکی صرف انفرادی عبادات تک محدود نہیں بلکہ مخلوقِ خدا کی ضروریات پوری کرنا اور اس کے دکھ درد میں شریک ہونا بھی دین کا بنیادی تقاضا ہے۔
مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ خدمتِ انسانیت کسی ایک طبقے، مذہب یا قوم تک محدود نہیں، بلکہ ہر ضرورت مند کے ساتھ ہمدردی، حسنِ سلوک اور بھلائی کا معاملہ کرنا اسلامی اخلاق کا روشن پہلو ہے۔ معاشرے میں وہ افراد قابلِ قدر اور خوش نصیب ہیں جو اپنی صلاحیتوں، وقت، مال اور وسائل کو دوسروں کی آسانیوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ کسی بھوکے کو کھانا کھلانا، کسی مجبور کی مالی مدد کرنا، کسی بیمار کی عیادت کرنا، کسی پریشان حال کی دل جوئی کرنا اور کسی ضرورت مند کی مشکل آسان کرنا ایسے اعمال ہیں جو معاشرے میں محبت و اخوت کو فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شکرگزاری کا دائرہ صرف اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ مادی نعمتوں تک محدود نہیں، بلکہ والدین، اساتذہ، محسنین اور معاشرے کے ان تمام افراد کی قدر کرنا بھی ضروری ہے جو ہماری زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔ حضور اکرم ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے: ’’جو لوگوں کا شکر ادا نہیں کرتا، وہ اللہ کا بھی شکر ادا نہیں کرتا۔‘‘ (سنن ابی داؤد، جامع ترمذی) اس لیے احسان شناسی، قدر دانی اور دوسروں کی خدمات کا اعتراف ایک اعلیٰ انسانی اور اسلامی وصف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں میں سادگی، اعتدال، کم خوری اور قناعت کو فروغ دینا چاہیے۔ کھانے پینے میں اسراف سے اجتناب کریں، رزقِ حلال کی قدر کریں، کھانے کو ضائع نہ کریں اور اپنی استطاعت کے مطابق بھوکوں اور ضرورت مندوں کو اپنے دسترخوان میں شریک کریں۔ ہماری خوشیوں میں دوسروں کی خوشیوں کا حصہ ہونا چاہیے اور ہماری آسودگی کسی محروم انسان کی ضرورت پوری کرنے کا ذریعہ بننی چاہیے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ صبر انسان کو آزمائشوں میں ثابت قدم رکھتا ہے، شکر اسے نعمتوں کی قدر سکھاتا ہے، قناعت اسے قلبی سکون عطا کرتی ہے اور خدمتِ خلق اسے مخلوقِ خدا کے قریب کرتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قرآن و سنت کی ان تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں، اپنی اصلاح کے ساتھ معاشرے کی اصلاح کی فکر کریں، برائیوں کے خاتمے اور نیکیوں کے فروغ کے لیے اپنی توانائیاں صرف کریں اور اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کو اس کے بندوں کی بھلائی کا وسیلہ بنائیں۔ یہی صبر و شکر کا حقیقی پیغام اور ایک صالح، ہمدرد اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کا راستہ ہے۔



