
کاش ہم بے عقیدہ ہی رہتے
جب بھی ہمارے گھر بگھارا کھانا بنتا ہے، اس کی بھینی بھینی خوشبو ہمیں بچپن کے اس دور میں لے کر چلی جاتی ہے، جب ہمیں نہ اسلام معلوم تھا نہ عقیدہ ۔ بگھارے کھانے کی خوشبو سے وابستہ وہی روحانی کیفیت دوبارہ محسوس ہونے لگتی ہے جو کبھی گیارہویں، محرّم، شبِ معراج یا شب برات میں یا کسی چہلم یا برسی میں محسوس ہوتی تھی۔ ہرمہینے کسی نہ کسی فاتحہ کا موقع ہوتا۔ کبھی چاچا کے گھر تو کبھی ماموں کے گھر۔ سارا خاندان جمع ہوتا، چاچی، ممانی پھوپھو یوں تو ان کے بیچ کچھ نہ کچھ تلخیاں چلتی رہتیں، لیکن ایسے موقعوں پریہ خواتین مل کر دستر بچھاتیں اور اٹھاتیں، اپنی ساری رنجشیں بھول جاتیں۔ فاتحہ کے پیچے عفوودرگزراور صلہ رحمی کےمناظر عید جیسا سماں باندھ دیتے۔
ذرا بڑے ہوئےتومعلوم ہواکہ یہ ساری چیزیں بدعت ہیں، کسی نےکہاکہ شرکیہ اعمال ہیں۔ ہم ڈرگئے اورہم نے توبہ کرلی۔ بار بار ملنے والے وہ سارے رشتےدارجوہرفاتحہ پر ملتے،اور ایک دوسرےکی خیریت سےباخبررہتے، وہ اب مہینوں بلکہ سالوں نہیں ملتے۔ اگر کسی شادی میں مل بھی جائیں تو درمیان اُس خلوص اور محبت کی خوشبو نہیں ملتی جواس بگھارے کھانے کی خوشبو کے بیچ ملا کرتی۔
کچھ عرصہ بعد محلےمیں تبلیغی جماعت آنےلگی۔ ان کے ساتھ جانا، گھرگھرجا کر دروازہ کھٹکھٹانا،اورلوگوں کو مسجد کی طرف لےجانا اچھا لگنےلگا۔ پابندی سے تبلیغی نصاب پڑھنےسےاردوسے بھی محبت ہونےلگی۔ چھوٹی چھوٹی کئی حدیثیں یادہونےلگیں اورہم نمازوں کےبھی پابندہونےلگے۔ لیکن پھرکچھ بزرگوں سےمعلوم ہوا کہ یہ لوگ ضعیف اورمن گھڑت حدیثیں سناتے ہیں۔ ہم محلےکےبزرگوں کوناراض کرنےکی ہمت نہیں رکھتےتھے، ہم نےتبلیغ سےتوبہ کرلی۔
تھوڑے اور بڑے ہوئے تو ایک صاحب نےہمیں درسِ قرآن میں چلنےکی دعوت دی۔ پہلی بارہمیں قرآن کیاہے، اردومیں سمجھ میں آیا، اورافسوس ہوا کہ آج تک ہم سنسکرت کے اشلوک کی طرح قرآن کوپڑھتےرہے،ہم نے ہمیشہ اپنے گھرکےبڑوں کوکسی بیمارکےپاس سورہ یاسین، جمعہ کو سورہ کہف، اوربرے خوابوں سےبچنے کےلئے تینوں قل پڑھتے دیکھا۔ پہلی بارسمجھ میں آیا کہ قرآن کوسمجھنے اوریادکرنےمیں کتنی حکمتیں اوربصیرتیں ہیں۔ اورہم بھی درسِ قرآن دینےلگے۔ پھرکچھ اوربزرگ ملےجنہوں نےخبردارکیا کہ قرآن کوسوائےعالم کےکوئی سمجھ نہیں سکتا۔ اس کو بغیرسمجھے جتنا تلاوت کرکے مرحوم دادا اور نانا کو بخشواسکتے ہو، بخشوالو لیکن جب تک علماسے ۱۷علوم نہ سیکھ لو،قرآن کوسمجھنےسمجھانےکی کوشش گمراہی ہے،ورنہ تم بھی فرقۂ اہلِ قرآن میں شامل ہوجاوگے۔ ہم کوکالج کا پڑھنا ہی اتنا زیادہ تھا کہ ۱۷ علوم سیکھنےکا وقت کہاں سے لاتے، ہم نے گمراہی سےتوبہ کرلی اور ہم درسِ قرآن چھوڑ دیا۔
پھریوں ہواکہ توحید پھیلانےوالوں سےقربت ہوئی۔ ان سےپتہ چلا کہ فاتحہ،درود، تبلیغ اورقرآن سےزیادہ اہم عقیدہ اورمنہج ہوتاہے۔ عقیدہ صحیح نہ ہوتویہ سارےاموربےکارہیں۔ اورصحیح عقیدہ اورمنہج سوائے الشیخ حفظہ اللہ کےکوئی نہیں سکھاسکتا۔ ہم ان کےساتھ ہوگئے اور داڑھی بےہنگم بڑھنےلگی۔ پھرکچھ بزرگوں نے کہاکہ اسلام میں داڑھی ہےلیکن داڑھی میں اسلام نہیں۔ یہ لوگ وہابڑے اورگستاخانِ رسول ہیں، خطرناک مخبربھی ہیں، ان سے دور رہو۔ ہم منکرنکیرسےبھی اتنا نہیں ڈرتےجتنا مخبروں سےڈرتےہیں، اس لئےان کوبھی خداحافظ کہنے میں ہم کو عافیت نظرآئی۔
الحمدلللہ اب ہم بہت اچھے اور پکّےمسلمان ہیں۔ ہمارا عقیدہ مضبوط ہوچکا ہے۔ اللہ اعمال کونہیں ایمان کودیکھتا ہےاورہمارا ایمان ہےکہ اللہ معاف کرنےوالا ہے۔اب ہم نمازوں کو اپنے اوپر مسلّط نہیں کرتے۔ ہاں؛ فرصت وہ اور موڈ ہو تو ضرور پڑھ لیتے ہیں۔ البتہ جمعہ کی پابندی کرتے ہیں، عین خطبہ ختم ہونے سے پہلے مسجد میں گُھستےہیں، لوگوں کے کندھےپھلانگتے اور غلطی سے ٹھوکریں مارتے ہوئے اگلی صفوں کا ثواب حاصل کرتے ہیں۔ اور امام کے سلام پھیرنے کے ساتھ ہی باہر نکل جاتے ہیں۔ کسی بھی عالم یا پیر سے نہیں ملتے تاکہ اکثریت ہم پر اب کوئی لیبل نہ لگائے۔ ہم مکمل سیکولرسٹ ہوچکے ہیں۔ اب ہماری سمجھ میں آچکا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں جس مقصد کےساتھ پیدا کیا ہے وہ ہے اپنے خاندان کو سیٹ کرنا، اُنہیں اچھا رکھ رکھاؤ دینا۔ اچھے دامادوںکو خریدنا، بیٹوں کو امریکہ یا کینیڈا بھیج کر ان کا مستقبل سنوارنا۔اور ہر سال عمرے پر چلے جاتے ہیں تاکہ عبادت بھی ہوجائے اور ایک مذہبی پکنک کا لطف بھی آجائے۔ ہاں؛ جب بھی موقع ملے کسی میت کو ہم دوڑ کر کندھا ضرور دیتے ہیں اور کبھی کبھی انفاق بھی کرلیتے ہیں کیونکہ سنا ہے کہ اس سے اللہ تعالیٰ مال میں برکت دیتے ہیں۔
علیم خان فلکی۔ جدہ
9642571721 20th November,2026

