تلنگانہ

حیدرآباد میں گوشت کی دکانوں اور کراچی بیکری کے یونٹس پر دھاوے، صفائی کے ناقص انتظامات پر 5 ادارے بند، متعدد کے رجسٹریشن معطل

حیدرآباد: شہر میں غذائی اشیاء کے معیار اور صفائی کے انتظامات کی جانچ کے لیے جمعرات کو کی گئی کارروائی کے دوران ٹی جی سیف کی 11 ٹیموں نے کیو آر ای کے حدود میں گوشت کی فروخت و تیاری کے 15 مراکز اور کراچی بیکری کے 4 پیداواری یونٹس پر دھاوے کئے

 

۔ اس دوران کئی مقامات پر سنگین بے قاعدگیاں سامنے آئیں۔ معائنہ کرنے والی ٹیموں نے فرش پر خون اور گوشت کے باقیات، دیواروں پر گوشت کے چپکے ہوئے ٹکڑے اور دیگر غیر صحت بخش حالات کا پتہ چلایا۔ اس کے علاوہ مکھیوں، لال بیگوں اور چوہوں کی موجودگی کے ساتھ ان کی بیٹ سے بھی شدید گندگی پائی گئی۔

 

حکام نے آنند مٹن اینڈ چکن پوائنٹ (نلہ کنٹہ)، سلمان کے جی این پولٹری (ایرہ گڈہ)، نیو ڈی سنٹ میٹ چکن اینڈ فش شاپ (ایرہ گڈہ)، پروٹین فوڈس (ایس پی روڈ) اور اے پی فشریز فش اسٹال (ملکاجگیری) سمیت پانچ اداروں کو بند کردیا۔

 

ٹی جی سیف کے کمشنر اویناش مہنتی نے واٹر ٹریڈرس (مشیرآباد)، پنجاب فش کمپنی (سکندرآباد)، ہائی پروٹین (ایس پی روڈ)، کے آئی این سی (سرینگر کالونی)، کراچی بیکری پرل پرائیویٹ لمیٹڈ (گگن پہاڑ) اور ایس ایم سی کارپوریشن (اپل) سمیت متعدد اداروں کے رجسٹریشن فوری طور پر معطل کرتے ہوئے کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کے احکامات جاری کئے۔

 

انہوں نے بتایا کہ گگن پہاڑ میں واقع کراچی بیکری کے یونٹ میں غذائی اشیاء پر غلط لیبل چسپاں کئے گئے تھے، جس پر کارروائی کرتے ہوئے 1,012 کلو گرام غذائی اشیاء ضبط کرلی گئیں۔

 

موسیٰ سچترا، گگن پہاڑ میٹرو کیش اینڈ کیری، کراچی بیکری (ایم جے مارکٹ) اور ڈی ٹیل پُل گورمیٹ لیشیئس (کشتہ پور) کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کئے گئے، جبکہ میٹرو کیش اینڈ کیری (اپل) کو انتظامات میں بہتری لانے کا نوٹس دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button