تلنگانہ کے نوجوان قائد سید عظمت اللہ حسینی کو کانگریس ہائی کمان کی بڑی ذمہ داری – کرناٹک میں اے آئی سی سی کے انچارج سیکریٹری مقرر

حیدرآباد، 20 نومبر اردولیکس): کانگریس ہائی کمان نے پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مستحکم بنانے کے مقصد سے مختلف ریاستوں کے لیے نئے عہدیداروں کا تقرر عمل میں لایا ہے۔ اس سلسلے میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے صدرنشین سید عظمت اللہ حسینی کو کرناٹک کا اے آئی سی سی انچارج سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے اس تقرر سے متعلق احکامات جاری کئے ہیں۔
سید عظمت اللہ حسینی کا شمار تلنگانہ کے سرگرم مسلم کانگریسی قائدین میں ہوتا ہے۔ انہوں نے طالب علمی کے زمانے سے ہی کانگریس سے وابستہ ہوکر سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کیا تھا۔ وہ متحدہ آندھرا پردیش میں این ایس یو آئی کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بعد ازاں کانگریس پارٹی میں مختلف تنظیمی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
وہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی میں جنرل سکریٹری کے علاوہ مختلف ریاستوں کے انچارج سکریٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں بھی انہیں متعدد اہم ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ پارٹی کے ضلع صدر کے انتخاب اور تنظیمی امور میں بھی انہوں نے اہم رول ادا کیا۔ کانگریس ہائی کمان نے انہیں چھ ریاستوں کی تنظیمی ذمہ داریاں بھی سونپی تھیں، جنہیں انہوں نے بخوبی انجام دیا۔
تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے قیام کے بعد ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ریاستی وقف بورڈ کا صدرنشین نامزد کیا گیا تھا۔ اب پارٹی قیادت نے ان کی سابقہ تنظیمی خدمات اور سیاسی تجربے کو پیش نظر رکھتے ہوئے کرناٹک جیسی اہم ریاست کی ذمہ داری سونپی ہے۔



