داود ابراہیم کی خفیہ زندگی کے سنسنی خیز انکشافات – کراچی میں خفیہ کلب، شراب و کوکین کا استعمال – سابق ایف بی آئی ایجنٹ کامران کا دعویٰ

سابق ایف بی آئی انڈر کور آپریٹو کامران فریدی کا دعویٰ، بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھتے ہی داود ٹھکانے تبدیل کرلیتا ہے، چھوٹا شکیل کرتا ہے اس کی حفاظت کی نگرانی
نئی دہلی: ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کا ملزم اور ہندوستان کے انتہائی مطلوب انڈر ورلڈ ڈان داود ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی، اس کی خانگی زندگی، خفیہ ٹھکانوں اور پاکستانی حکام سے مبینہ روابط کے بارے میں سابق امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے انڈر کور آپریٹو کامران فریدی نے کئی حیران کن انکشافات کئے ہیں۔ کامران فریدی کا دعویٰ ہے کہ وہ ایف بی آئی کے ایک خفیہ آپریشن کے تحت پاکستان میں داود ابراہیم کے نیٹ ورک میں داخل ہوا تھا اور اس دوران اسے داود ابراہیم سے قریب سے ملاقات کرنے اور اس کی خانگی زندگی کو دیکھنے کا موقع ملا۔
کامران فریدی نے آج تک ریڈیو کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ داود ابراہیم بظاہر مذہبی سرگرمیوں میں دلچسپی ظاہر کرتا ہے، تاہم اس کی خانگی زندگی اس سے بالکل مختلف ہے۔ وہ پانچ وقت کا نمازی نہیں ہے اور مذہبی مجالس و میلاد کی محفلوں میں شرکت کے باوجود شراب اور کوکین کا استعمال کرتا رہا ہے۔ کامران کے مطابق اس نے خود داود ابراہیم کے لئے شراب خریدی تھی۔ اس کا دعویٰ ہے کہ داود نے تھائی لینڈ سے تقریباً 1800 سے 1900 ڈالر مالیت کی مہنگی شراب بھی منگوائی تھی۔ تاہم اس کے بقول اب اس نے شراب نوشی ترک کردی ہے، لیکن کوکین کا استعمال جاری ہے۔
کراچی کا خفیہ ٹھکانہ، جہاں سجتی ہے محفل رقص
کامران فریدی نے داود ابراہیم کے ایک مبینہ خفیہ ٹھکانے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں زمزمہ کے علاقے میں واقع ایک مکان، جسے 22 نمبر زمزمہ کے نام سے جانا جاتا ہے، داود ابراہیم کی سرگرمیوں کا اہم مرکز رہا ہے۔ بظاہر یہ ایک عام مکان دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کے تہہ خانے میں جدید سہولتوں سے آراستہ ایک کلب قائم ہے، جسے آواز سے محفوظ بنایا گیا ہے تاکہ باہر موجود افراد کو اندر ہونے والی سرگرمیوں کی آواز سنائی نہ دے۔
اس کے مطابق اس مقام پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور داود ابراہیم مبینہ طور پر پاکستانی سرکاری عہدیداروں کے ساتھ یہاں محفل رقص دیکھنے آتا تھا۔ اسی مقام پر کاروباری ملاقاتیں بھی ہوتی تھیں۔ کامران کا دعویٰ ہے کہ اس نے خود اس طرح کی محفلوں میں شرکت کی اور داود ابراہیم کو قریب سے دیکھا ہے۔
بھارت پاکستان کشیدگی کے دوران تبدیل کرلیتا ہے ٹھکانے
کامران فریدی کے مطابق داود ابراہیم پاکستان میں اب بھی سرگرم ہے اور بھارت و پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوتے ہی اپنے ٹھکانے تبدیل کرلیتا ہے۔ وہ دن کے اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کرتا ہے اور زیادہ تر رات کے وقت ہی نقل و حرکت کرتا ہے۔ کامران کا دعویٰ ہے کہ اڈے پاکستان میں داود ابراہیم کے تین خفیہ ٹھکانوں کے بارے میں معلومات حاصل تھیں۔
انس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ داود ابراہیم کی سکیورٹی کی ذمہ داری چھوٹا شکیل سنبھالتا ہے اور وہ مبینہ طور پر ہر جمعہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹر پہنچ کر حفاظتی انتظامات سے متعلق رپورٹ پیش کرتا ہے۔
داود ابراہیم اور پاکستانی سیاسی خاندانوں سے روابط کا دعویٰ
کامران فریدی نے داود ابراہیم کے پاکستان کے سیاسی حلقوں سے روابط کے بارے میں بھی دعوے کئے۔ اس کے مطابق داود ابراہیم اپنے بعض کاموں کے سلسلے میں پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی رابطہ کرتا تھا اور ایک مرتبہ اس نے رات کے وقت زرداری کو فون کیا تھا۔
اس نے مزید دعویٰ کیا کہ داود ابراہیم ممبئی سے اسلام بابا نامی ایک فقیر کو پاکستان لے گیا تھا۔ داود اور اس کے گروہ کے افراد کسی بڑے کام یا اہم کارروائی سے قبل اس فقیر سے اجازت حاصل کرتے تھے اور اس کی منظوری کے بعد ہی آگے بڑھتے تھے۔
کم عمر لڑکی سے دوسری شادی کا دعویٰ
کامران فریدی نے داود ابراہیم کی خانگی زندگی کے حوالے سے ایک اور دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ایک کم عمر لڑکی سے دوسری شادی کی ہے۔ اس کے مطابق داود ابراہیم اپنی خانگی زندگی اور نقل و حرکت کے معاملات میں انتہائی رازداری اختیار کرتا ہے۔ تاہم اس شادی سے متعلق آزادانہ طور پر تصدیق شدہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
جابر موتی والا کی گرفتاری میں ایف بی آئی کی مدد کا دعویٰ
کامران فریدی نے گفتگو کے دوران داود ابراہیم کے قریبی ساتھی جابر موتی والا کی گرفتاری سے متعلق ایف بی آئی کے آپریشن کا بھی ذکر کیا۔ اس کے مطابق 2018 میں لندن میں جابر موتی والا کی گرفتاری کے آپریشن میں اس نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ امریکی تحقیقاتی ادارہ جابر موتی والا کو امریکہ منتقل کرکے داود ابراہیم اور لشکر طیبہ کے مبینہ مالی روابط سے متعلق معلومات حاصل کرنا چاہتا تھا۔
کامران کے مطابق اس معاملے میں اس کی گواہی اہمیت رکھتی تھی، تاہم اس نے اپنے خاندان کی سلامتی کو لاحق خطرات کے پیش نظر امریکی عدالت میں گواہی دینے سے گریز کیا۔ اس کا دعویٰ ہے کہ پاکستان واپسی پر اسے گرفتار کرکے کئی ماہ تک جیل میں رکھا گیا اور اس تمام معاملے میں داود ابراہیم اور جابر موتی والا نے آئی ایس آئی کی مدد سے اسے نشانہ بنایا۔ اس کے مطابق امریکی شہریت کی وجہ سے وہ اس صورت حال سے بچنے میں کامیاب رہا




