تلنگانہ

تلنگانہ خانہ پور سابق رکن اسمبلی ریکھا نائک کے گھر پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے حکام کا دھاوا

خانہ پور: تلنگانہ کے ضلع نرمل کے خانہ پور کی سابق رکن اسمبلی اور کانگریس لیڈر ریکھا نائک کے مکانات اور ان سے وابستہ مقامات پر جمعہ کی علی الصبح انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے عہدیداروں نے بیک وقت دھاوے کئے۔ یہ کارروائی 40.96 کروڑ روپے مالیت کے سرکاری دھان کی مبینہ خرد برد کے معاملے میں منی لانڈرنگ کے پہلو سے کی جارہی ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق خانہ پور منڈل کے ستن پلی میں واقع ریکھا نائک کی اے آر ایس انڈسٹریز رائس مل میں سرکاری دھان کی بڑے پیمانے پر کمی کا معاملہ پہلے ہی سامنے آیا تھا۔ محکمہ سیول سپلائیز کے عہدیداروں نے تین ربیع سیزن کے دوران حکومت کی جانب سے فراہم کردہ دھان میں سے 9,639.962 میٹرک ٹن کا حساب نہ ملنے کا پتہ چلایا تھا جس کی مالیت تقریباً 40.96 کروڑ روپے بتائی گئی۔

 

اس معاملے میں تلنگانہ اسٹیٹ سیول سپلائیز کارپوریشن کے ضلعی منیجر کی شکایت پر خانہ پور پولیس نے ریکھا نائک کے خلاف پہلے ہی مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس نے بی این ایس کی دفعات 316(2)، 316(5)، 318(4) اور ضروری اشیاء قانون کے تحت کرائم نمبر 165/2026 درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کی تھیں۔

 

الزام ہے کہ حکومت کو واپس حوالے کیا جانے والا دھان ریکارڈ میں ظاہر کئے بغیر مبینہ طور پر دوسری جگہ منتقل کردیا گیا۔ اب ای ڈی اس معاملے میں مالی لین دین اور منی لانڈرنگ کے پہلوؤں کی تحقیقات کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button