تلنگانہ اسکولی تعلیم میں 2+10 کے طریقہ کار پر محکمہ تعلیمات کا بیان

حیدرآباد: محکمہ تعلیمات کی جانب سے اسکولی تعلیم میں انٹرمیڈیٹ کے انضمام (2+10)سے متعلق تیار کردہ مسودہ 10 دن کے اندر عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
سکریٹری انٹر بورڈ ابھلاشا ابھینو نے یہ بات کہی۔ انہوں نے جمعرات کو ان سے ملاقات کرنے والے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ انٹرمیڈیٹ کے انضمام کے سلسلے میں ابھی تک کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
اس بارے میں باہر جو خبریں گشت کر رہی ہیں وہ محض افواہیں ہیں اور عوام ان پر یقین نہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ مسودے پر اساتذہ، لکچررس، تعلیمی اداروں کی انتظامیہ، طلبہ اور مختلف یونینوں کے ساتھ الگ الگ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
تمام متعلقہ فریقوں کی تجاویز اور آرا حاصل کرنے کے بعد ہی حکومت اس بارے میں قطعی فیصلہ کرے گی۔ابھلاشا ابھینو نے یقین دلایا کہ انضمام کے عمل کے دوران انٹر بورڈ اور انٹر کمشنریٹ کے تحت کام کرنے والے کسی بھی ملازم کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ اگر انٹرمیڈیٹ کی تعلیم کو اسکولی تعلیم کے شعبے میں ضم کیا جاتا ہے تو انٹرمیڈیٹ کے نصاب یا امتحانی طریقہ کار میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی موجودہ نصاب اور امتحانات کا نظام جوں کا توں برقرار رہے گا۔



