ریونت ریڈی حکومت پر بی جے پی کی خاموش حمایت کا الزام، تین سال میں ایک بھی احتجاج نہیں کیا: کے ٹی آر
حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے الزام عائد کیا ہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی، کانگریس حکومت کے خلاف مؤثر اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کے بجائے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی پشت پناہی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران بی جے پی نے حکومت کے خلاف کوئی بڑی عوامی تحریک شروع نہیں کی۔
اے بی پی نیٹ ورک کے زیر اہتمام سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کانگریس حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ریاست ترقی کے بجائے مختلف شعبوں میں پیچھے جارہی ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ریونت ریڈی کو دہلی کے دوروں، بیاگ لے جانے اور انتخابی وعدے پورے نہ کرنے کے معاملے میں 10 میں سے 10 نمبر دیئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت میں مبینہ بدعنوانی اور بے قاعدگیوں کو خود کانگریس کے ارکان اسمبلی بے نقاب کررہے ہیں۔
قرض اور ترقیاتی کاموں کا تقابل کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ آر بی آئی کے اعداد و شمار کے مطابق بی آر ایس دور حکومت میں 2.8 لاکھ کروڑ روپے قرض حاصل کرکے مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے، جبکہ موجودہ حکومت کے دور میں 4.5 لاکھ کروڑ روپے کے قرض کے باوجود نمایاں ترقیاتی کام دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل اور ریاست کی ترقی میں سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق ریونت ریڈی کا سیاسی مقابلہ کرنے کے لئے بی آر ایس کافی ہے اور کے سی آر مناسب وقت پر سیاسی میدان میں سرگرم ہوں گے۔
کے ٹی آر نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ان الزامات پر بھی سوال اٹھایا جن میں تلنگانہ کو کانگریس کا اے ٹی ایم قرار دیتے ہوئے آر آر ٹیکس وصولی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ انہوں نے پوچھا کہ اگر مرکزی حکومت کے پاس ایسے معاملات سے متعلق معلومات ہیں تو اب تک کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔ انہوں نے کانگریس وزیر پی سرینواس ریڈی کی رہائش گاہ پر ای ڈی کی کارروائی کے دو سال گزرنے کے باوجود پیش رفت نہ ہونے اور حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کی اراضی سے متعلق معاملے میں سپریم کورٹ کی مقرر کردہ مرکزی بااختیار کمیٹی کی جانب سے 10 ہزار کروڑ روپے کے مبینہ اسکام کی نشاندہی کے باوجود مرکزی حکومت کی خاموشی پر بھی سوال اٹھائے۔



