تلنگانہ
جنوبی ہند کے حقوق سے اڈوانی، مودی اور کے سی آر تک؛ ریونت ریڈی نے کھولے سیاسی راز، بی جے پی کو حیدرآباد سے انتخاب لڑنے کا چیلنج
11 منٹس پہلےLast Updated: نومبر 20, 2026
5 minutes read

محمد عفان علی کی رپورٹ
چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اے بی پی نیٹ ورک کے زیر اہتمام سدرن رائزنگ سمٹ 2026 میں شرکت کرتے ہوئے قومی سیاست، وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی، بی آر ایس، کانگریس، مسلمانوں کی نمائندگی، جنوبی ہند کی ریاستوں کے حقوق اور تلنگانہ کی ترقی سمیت متعدد اہم موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ملک میں علاقائی بنیادوں پر تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے ملک یا ریاست کے مالک نہیں بلکہ عوام کے خادم ہیں۔اے بی پی کے اس خصوصی پروگرام میں ریونت ریڈی نے اپنی حکومت کی کارکردگی، سرمایہ کاری، اڈانی گروپ، سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے متعلق سوالات کے جواب بھی دیئے۔ ریونت ریڈی نے پارلیمانی حلقوں کی نئی حد بندی کے مجوزہ منصوبے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جنوبی ہند کی ریاستوں کی سیاسی اہمیت کم ہوسکتی ہے
۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ کیرالا میں لوک سبھا کی 20 نشستیں ہیں جبکہ اترپردیش میں 80 نشستیں ہیں۔ اگر دونوں ریاستوں کی نشستوں میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے تو کیرالا کی نشستیں 30 اور اترپردیش کی 120 ہوجائیں گی، جس کے نتیجے میں دونوں کے درمیان فرق 60 سے بڑھ کر 90 نشستوں تک پہنچ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ہند کے پاس فی الحال 129 ارکان پارلیمنٹ ہیں اور
حد بندی کے بعد یہ تعداد تقریباً 195 ہوسکتی ہے، لیکن مجوزہ توسیع کے نتیجے میں پارلیمنٹ میں شمالی ریاستوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوجائے گی۔ ان کے مطابق اگر کسی سیاسی جماعت کو شمالی ریاستوں میں اکثریت حاصل ہوجائے تو جنوبی ہند کے مفادات اور آواز کو نظرانداز کرنا آسان ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت خواتین کو 33 فیصد تحفظات دینا چاہتی ہے تو موجودہ 543 نشستوں میں ہی 181 نشستیں خواتین کے لئے مختص کی جاسکتی ہیں، اس کے لئے حد بندی کو لازمی بنانے کی ضرورت نہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس نے ملک کی آزادی اور جمہوری نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
مہاتما گاندھی، جواہر لعل نہرو اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت نے ملک کے عام شہری کو حکومت منتخب کرنے کا اختیار دیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ دور میں عوام کو مذہب، علاقہ اور سماجی طبقات کے نام پر تقسیم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مرکزی تحقیقاتی اداروں کے مبینہ سیاسی استعمال پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ منتخب نمائندوں کو عوام کے سامنے جوابدہ رہنا چاہئے۔ ان کے مطابق اقتدار کسی کی ملکیت نہیں بلکہ عوام کی خدمت کا ذریعہ ہے۔
ریونت ریڈی نے تلنگانہ کی سیاست پر بات کرتے ہوئے بی آر ایس کو ریاست میں کانگریس کا اہم سیاسی حریف قرار دیا اور کہا کہ ریاست میں مضبوط اپوزیشن کا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر وہ چاہتے تو انحراف کی حوصلہ افزائی کرکے بی آر ایس کو ختم کرسکتے تھے، جیسا کہ ان کے الزام کے مطابق سابقہ حکومت نے دوسری جماعتوں کے ساتھ کیا تھا۔انہوں نے بی جے پی کے ریاست میں سیاسی اثر و رسوخ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں اصل مقابلہ کے چندرشیکھر راؤ اور ریونت ریڈی کے درمیان ہے، جبکہ بی جے پی محض تماشائی ہے۔
انہوں نے حالیہ جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں بی جے پی کی ضمانت ضبط ہونے کا بھی حوالہ دیا۔انہوں نے بی جے پی قیادت کو چیلنج کیا کہ اگر پارٹی کو تلنگانہ میں اپنی مقبولیت پر اتنا ہی اعتماد ہے تو وزیر اعظم نریندر مودی یا مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے انتخاب لڑکر دکھائیں۔ایک مختصر سوال و جواب کے دور میں انہوں نے کے چندرشیکھر راؤ پر طنز کرتے ہوئے ان کا موازنہ راون سے بھی کیا۔ کانگریس کی قومی قیادت سے متعلق سوال پر ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ راہول گاندھی ان کے قائد ہیں۔ انہوں نے انہیں اپوزیشن اور کانگریس کے ارکان کا قائد قرار دیا۔ کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا، ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار اور ہماچل پردیش کے چیف منسٹر سکھوندر سنگھ سکھو سے متعلق سوال پر انہوں نے ڈی کے شیوکمار کو اپنا اچھا دوست قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی سیاسی زندگی میں سب سے زیادہ سیکھنے کا موقع دیہات اور عام لوگوں سے ملاقاتوں کے دوران ملا ہے، نہ کہ ہارورڈ یونیورسٹی یا دہلی کے اقتدار کے ایوانوں سے۔ انہوں نے تلنگانہ کے 12,768 دیہات کے عوامی مسائل کو سمجھنے کے اپنے تجربے کا ذکر کیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بعض سیاسی قائدین ہندو اور مسلم طبقات کے درمیان مذہبی تقسیم سے سیاسی فائدہ حاصل کرتے ہیں، جبکہ عوام کے اصل مسائل غربت، بے روزگاری، کھانا، لباس اور مکان ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اقلیتوں، دلتوں، قبائلی طبقات اور خواتین سمیت سماج کے تمام طبقات کو یکساں مواقع اور نمائندگی دینے کی حامی ہے۔حیدرآباد کے پرانے شہر کی ترقی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرانا شہر محض شہر کا ایک قدیم حصہ نہیں بلکہ حیدرآباد کی اصل شناخت ہے اور ان کی حکومت اس علاقے کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔ اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی سے ملاقات اور ان کی کمپنیوں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کا مقصد سرمایہ کاری حاصل کرنا اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی صنعتی ادارہ قانون کے دائرے میں رہ کر تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے تو حکومت کو اس کا خیرمقدم کرنا چاہئے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی پر الزام لگایا کہ وہ اڈانی کو عوامی دولت فراہم کررہے ہیں، جبکہ ان کے بقول تلنگانہ حکومت اڈانی سے سرمایہ کاری حاصل کرکے ریاست کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے۔انہوں نے بھارت فیوچر سٹی اور اے آئی سٹی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کو سیاسی اختلافات کی بنیاد پر ختم نہیں کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے سرمایہ کاروں کو 7، 8 اور 9 دسمبر کو منعقد ہونے والی انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ ریونت ریڈی نے اپنی حکومت کی تین سالہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے خود کو 10 میں سے 6.5 نمبر دیئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس مزید دو سال باقی ہیں اور تلنگانہ کو 2047 تک ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لئے جامع پالیسیاں تیار کی گئی ہیں۔انہوں نے ملک کی آزادی کے 100 سال مکمل ہونے کے موقع پر 2047 کو ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے اہم قرار دیا۔ سابق وزرائے اعظم جواہر لعل نہرو، پی وی نرسمہا راؤ اور منموہن سنگھ کی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے تعلیم، آبپاشی، بنیادی ڈھانچے اور معاشی اصلاحات میں کانگریس کے کردار کو اجاگر کیا
۔انہوں نے مرکزی حکومت کے قرضوں پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سابق وزرائے اعظم کے دور میں مجموعی طور پر تقریباً 53 لاکھ کروڑ روپے قرض لیا گیا، جبکہ مودی حکومت نے 12 برسوں میں تقریباً 125 لاکھ کروڑ روپے قرض حاصل کیا۔ فٹبال اسٹار لیونل میسی کو حیدرآباد مدعو کرنے اور اس پروگرام کے لئے سنگارینی کے فنڈز استعمال کرنے پر ہونے والی تنقید کے جواب میں چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت مستقبل میں عالمی شہرت یافتہ فٹبال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کو بھی حیدرآباد مدعو کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، تاہم اس کی تاریخیں ابھی طے نہیں ہوئیں۔فٹبال سے متعلق سوالات میں انہوں نے میسی کو پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا، جبکہ ہمہ وقت کے پسندیدہ فٹبالر کے طور پر ڈیاگو میراڈونا کا نام لیا۔ حیدرآبادی اور لکھنؤ کی بریانی کے تقابل میں انہوں نے حیدرآبادی بریانی کو دنیا بھر میں مشہور قرار دیا۔



