حیدرآباد میں 3.83 کروڑ کا سونا ضبط۔ کولکتہ سے اسمگلنگ کی کوشش ناکام

حیدرآباد: کولکتو سے حیدرآباد غیر قانونی طور پر منتقل کیا جارہا سونا ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس کے عہدیداروں نے ضبط کرلیا۔ اسمگلنگ کے لیے کار کی پچھلی لائٹ کے پیچھے خصوصی طور پر خفیہ خانہ بنایا گیا تھا جس میں تقریباً 3.83 کروڑ روپے مالیت کا سونا چھپایا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق 19 تاریخ کو کولکتہ سے حیدرآباد آنے والی ایک کار کو ڈی آر آئی کے عہدیداروں نے روک کر تلاشی لی۔ کار میں سوار دو افراد کو حراست میں لے کر گاڑی کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔اس دوران گاڑی کی پچھلی ٹیل لائٹ کے حصے میں خصوصی طور پر تیار کیا گیا ایک خفیہ خانہ نظر آیا جسے اس انداز میں بنایا گیا تھا کہ کسی کو اس پر شبہ نہ ہو۔
خفیہ خانے سے ٹیپ میں لپٹے ہوئے تین پیکٹ برآمد ہوئے۔ انہیں کھولنے پر سونے کے 25 بسکٹ (گولڈ بارز) دستیاب ہوئے۔ڈی آر آئی کے عہدیداروں نے دونوں ملزمین کو گرفتار کرلیا جبکہ سونے کی غیر قانونی منتقلی کے لیے استعمال کی جانے والی کار کو بھی ضبط کرلیا گیا۔

